1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ کا امیر ترین شخص یوکرائنی بزنس میں

مقبول ملک26 اپریل 2015

برطانیہ کے امیر ترین افراد کی تازہ فہرست کے مطابق اس ملک کا امیر ترین شخص کوئی برطانوی باشندہ نہیں بلکہ ایک یوکرائنی کاروباری شخصیت لَین بلاواتنِک ہے، جس کے اثاثوں کی مالیت 18بلین یورو یا 20 بلین ڈالر کے برابر بنتی ہے۔

https://p.dw.com/p/1FF3c
تصویر: picture-alliance/dpa/Pixsell/D. Puklavec

لندن سے موصولہ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق بہت معتبر سمجھی جانے والی برطانوی روزنامے سنڈے ٹائمز کی آج اتوار 26 اپریل کے روز جاری کردہ تازہ ترین Rich List کے مطابق برطانیہ کے اس امیر ترین فرد کی دولت 13.17 بلین پاؤنڈ بنتی ہے۔ اس فہرست میں شامل کئی نام ایسے ارب پتی افراد کے ہیں جو پیدائشی طور پر مختلف ملکوں سے تعلق رکھتے تھے لیکن اب لندن کے انتہائی مہنگے علاقوں میں رہتے ہیں۔

لَین بلاواتنِک ایک ایسے سرمایہ کار ہیں، جنہوں نے صنعتوں، آئل انڈسٹری اور دوا سازی کے شعبوں سے لے کر ذرائع ابلاغ تک کے اداروں میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اس فہرست کے مطابق برطانیہ کے سو امیر ترین افراد کے پاس مجموعی طور پر 547 بلین پاؤنڈ کے اثاثے ہیں اور ان امراء کے اثاثوں کی مالیت گزشتہ ایک عشرے کے دوران دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی۔

سنڈے ٹائمز نے اپنی یہ فہرست جاری کرتے ہوئے لکھا ہے کہ برطانیہ کے 100 بڑے امراء اور بھی امیر ہو گئے ہیں۔ اس لسٹ میں پہلے نمبر پر آتے ہوئے یوکرائنی بزنس میں بلاواتنِک نے پیدائشی طور پر بھارت سے تعلق رکھنے والے ان دو بھائیوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے، جن کے نام سری اور گوپی ہندوجا ہیں۔ یہ دونوں بھائی ایک ایسا بہت بڑا کاروباری گروپ چلاتے ہیں، جو کئی کثیرالقومی اداروں کا مالک ہے۔

Roman Abramowitsch
اس لسٹ میں ارب پتی افراد کی فہرست میں رومان ابرامووِچ بھی شامل ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

سری اور گوپی ہندوجا اس فہرست میں اپنے 13 بلین پاؤنڈ کے ساتھ اب دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر گَلین اور جارج وَیسٹن کا خاندان آتا ہے، جو 11 بلین پاؤنڈ کا مالک ہے۔ بہت بڑی بڑی برطانوی ریٹیل مارکیٹوں کے سلسلے Primark اور Selfridges اسی وَیسٹن خاندان کی ملکیت میں ہیں۔

اس لسٹ میں جن دیگر ارب پتی افراد کے نام نمایاں ہیں، ان میں برطانوی فٹ بال کلب چیلسی کے مالک اور روس میں تیل کی صنعت کی بہت اہم شخصیت رومان ابرامووِچ بھی شامل ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت گزشتہ برس کے مقابلے میں 1.23 بلین پاؤنڈ کم ہو کر اس سال 7.29 بلین پاؤنڈ رہ گئی ہے۔

برطانیہ کی ورجِن ایئر لائن اور ورجِن گروپ کی کئی دیگر کمپنیوں کے مالک رچرڈ برینسن اس فہرست میں اپنے 4.1 بلین پاؤنڈ کے ساتھ اب 20 ویں نمبر پر ہیں۔ برطانیہ کے ایک ہزار امیر ترین افراد کی اس فہرست میں شمولیت کے لیے لازمی تھا کہ وہاں کسی بھی شخص کے پاس کم از کم 100 ملین پاؤنڈ کے اثاثے ہوں۔

آج ہی جاری کی گئی سنڈے ٹائمز سپورٹس رِچ لسٹ کے مطابق فارمولا ون موٹر ریسنگ کے مشہور برطانوی ڈرائیور لوئس ہملٹن کے پاس 88 ملین پاؤنڈ ہیں اور وہ برطانیہ کے امیر ترین کھلاڑی ہیں۔ ان کے بعد انگلینڈ کی قومی فٹ بال ٹیم کے کھلاڑی ویئن رُونی کا نام آتا ہے جو 72 ملین پاؤنڈ کے مالک ہیں۔ تیسرے امیر ترین برطانوی کھلاڑی بھی فارمولا ون موٹر ریسنگ ہی کے ایک پیشہ ور ڈرائیور جَینسن بٹن ہیں، جن کے اثاثوں کی مالیت 71 ملین پاؤنڈ بنتی ہے۔