1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

براعظم ایشیا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث خطرات میں

افسر اعوان9 جون 2014

ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلیوں کے سبب متوقع طور پر جو علاقے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے ان میں سے ایک ایشیا پیسیفک کا علاقہ بھی ہے، خاص طور پر اس کے نشیبی ساحلی علاقے اور جزائر پر مشتمل ریاستیں۔

https://p.dw.com/p/1CF2s
Rajendra K. Pachauri
تصویر: picture-alliance/dpa

سائنسدانوں کی ایک بہت بڑی تعداد اس بات پر متفق ہے کہ ہماری زمین کا موسم تبدیل ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں بے قاعدہ اضافہ یا کمی، برف پڑنے اور بارشوں کے پیٹرنز یا ترتیب میں تبدیلی، سمندری سطحوں میں اضافہ اور موسموں کی شدت جو ہمارے سیارہ زمین کو بُری طرح متاثر کر رہے ہیں، دراصل انسانوں ہی کی جانب سے پیدا کی جانے والی گرین ہاؤس گیسوں کی بدولت ہے۔

موسمیاتی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والے اقوام متحدہ کے ادارے ’انٹر گورنمنٹل پینل آن کلائیمیٹ چینج‘ (IPCC) کے سربراہ راجندرا پاچوری نے ڈوئچے ویلے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ساحلی علاقوں میں موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث آنے والے سیلابوں کے باعث اگلی صدی کے آغاز یعنی سال 2100ء تک کروڑوں لوگ متاثر ہوں گے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس کو روکنے کا واحد طریقہ بین الاقوامی برادری کی طرف سے کیے جانے والے فیصلہ کن اقدامات ہیں۔

پاچوری کے مطابق ہم جتنا زیادہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج بڑھائیں گے، جو بنیادی طور پر معدنی ایندھن یا فوصل فیول کے جلنے سے پیدا ہوتی ہیں، اتنا ہی زیادہ ماحولیاتی حدت میں اضافہ ہو گا۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ اگر ہم موجودہ شرح سے زیادہ گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج جاری رکھتے ہیں تو ہم پوری دنیا کے موسمیاتی نظام میں تبدیلی کا باعث بنیں گے۔ ان تبدیلیوں میں بارشوں اور دریاؤں کی شکل میں پانی کے سائیکل میں رد و بدل، سمندروں کی سطح میں اضافہ، سمندری پانی میں تیزابیت اور دیگر عوامل شامل ہیں جو آنے والی کئی صدیوں تک جاری رہ سکتی ہیں۔

IPCC کے سربراہ راجندرا پاچوری کے مطابق گزشتہ قریب ایک صدی کے دوران یعنی 1901ء سے 2010ء کے دوران عالمی سطح پر سمندری سطح میں 0.19 میٹر اوسط اضافہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات کے کافی امکانات ہیں کہ اکیسیویں صدی کے دوران سمندروں کی سطح میں مزید تیزی سے اضافہ واقع ہو گا۔ اس کی وجہ سمندروں کا درجہ حرارت بڑھنا اور گلیشیئرز کی برفانی تہوں کا تیزی سے پگھلنا ہے۔

پاچوری کے مطابق مستقبل میں سمندری سطح میں اضافے کی شرح کیا رہتی ہے اس کا دار و مدار دراصل اس بات پر ہے کہ ہم گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کرتے ہیں۔ IPCC کے حالیہ اندازوں کے مطابق جو اب تک موجود سائنسی لٹریچر کی بنیاد پر لگائے گئے ہیں، اس صدی کے آخر تک سمندروں کی سطح میں اوسط اضافہ 0.26 میٹر سے لے کر 0.81 میٹر تک ہو سکتا ہے۔.