1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایک منٹ میں چارج ہونے والی موبائل فون بیٹری تیار

امتیاز احمد8 اپریل 2015

امریکی محقیقن نے ایک ایسی نئی بیٹری تیار کر لی ہے، جو ایک منٹ سے بھی کم وقت میں مکمل ری چارج ہو جاتی ہے۔ سمارٹ فونز کے لیے بنائی گئی ایلومینیم کی یہ بیٹری سستی، لچکدار اور دیرپا بھی ہے۔

https://p.dw.com/p/1F44N
Batterie Akku aufladen
تصویر: picture-alliance/chromorange

سائنسدانوں کی اس نئی ایجاد کے بارے میں تفصیلات سائنسی دنیا کے مشہور جریدے ’دی جرنل نیچر‘ میں شائع کی گئی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس نئی ایجاد کے بعد اب تک موبائل فونز اور لیپ ٹاپ میں استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹریوں کی جگہ ایلومینیم آئن بیٹریاں لے سکتی ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ انتہائی تیز رفتاری سے ری چارج ہونے والی ایلومینیم کی یہ بیٹری اب تک استعمال ہونے والی لیتھیم آئن بیٹری کی نسبت بہت زیادہ محفوظ بھی ہے۔ لیتھیم آئن بیٹری بعض اوقات پھٹ جاتی ہے اور اسے آگ بھی باآسانی لگ جاتی ہے۔

دنیا بھر کے محقیقن ایک عرصے سے ایلومینیم کی بیٹری تیار کرنے میں مصروف تھے تاہم اب تک وہ اس میں ناکام رہے تھے۔ ایلومینیم کم وقت میں زیادہ چارج ہونے والی، ہلکی اور نسبتاﹰ سستی دھات ہے۔

کیلی فورنیا کی سٹینفورڈ یونیورسٹی کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق کیمسٹری کے پروفیسر ڈاکٹر دائی ہونگجی کی قیادت میں کام کرنے والی ایک ٹیم کو اتفاقی طور اس پیش رفت کے بارے میں معلوم ہوا کہ گریفائٹ نامی معدنیات ایلومینیم کے ساتھ مل کر انتہائی اچھے طریقے سے کام کر سکتی ہے۔

پروٹوٹائپ بیٹری میں ایلومینیم کو منفی چارج اینوڈ کے لیے استعمال کیا گیا ہے جبکہ گریفائٹ کو مثبت چارج کیتھوڈ کے لیے۔ سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پروٹوٹائپ ایلومینیم بیٹری ایک منٹ میں ری چارج کی گئی۔ پروفیسر ڈاکٹر دائی ہونگجی کا کہنا ہے ، ’’ ہماری نئی بیٹری آگ سے بالکل محفوظ رہتی ہیں۔ آپ اس میں ڈرل بھی کر سکتے ہیں۔‘‘

سائنسدانوں نے دعویٰ کیا ہے کہ نئی بیٹری پائیدار بھی ہے اور لچکدار بھی۔ موجودہ لیتھیم آئن بیٹری تقریباﹰ ایک ہزار سائیکلز کے بعد ختم ہو جاتی ہے جبکہ نئی بیڑی سات ہزار پانچ سو سائیکلز کے بعد بھی کام کرتی رہتی ہے۔ اس بیٹری کو موڑا یا فولڈ بھی کیا جا سکتا ہے۔ پروفیسر دائی کے مطابق بڑے سائز کی ایلومینیم بیٹریوں کو قابل تجدید توانائی کے الیکٹریل اسٹشنوں پر توانائی اسٹور کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔