1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایڈز کانفرنس افریقہ لوٹ رہی ہے

ندیم گِل25 جولائی 2014

آسٹریلیا میں منعقد ہونے والی انٹرنیشنل ایڈز کانفرنس آج اختتام کو پہنچ گئی ہے۔ منتظمین کے مطابق سولہ برس بعد یہ کانفرنس ایک مرتبہ پھر افریقہ میں منعقد کی جائے گی جو ایچ آئی وی ایڈز کے وائرس سے شدید متاثر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Cixn
تصویر: picture-alliance/dpa

دو ہزار سولہ میں انٹرنیشنل ایڈز کانفرنس سولہ برس بعد افریقہ لوٹ رہی ہے۔ یہ اس کانفرنس کا اکیسواں سالانہ اجلاس ہو گا جب یہ جولائی میں جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں منعقد کیا جائے گا۔

کانفرنس کے آخری روز انٹرنیشنل ایڈز سوسائٹی کے نومنتخب صدر کرِس بیریر کاکہنا تھاکہ یہ کانفرنس اس علاقے میں لوٹ جائے گی جہاں ایڈز کی وجہ سے بڑی تباہ کاریاں دیکھی گئیں۔

اس سے قبل 2000ء میں یہ کانفرنس افریقہ میں منعقد کی گئی تھی۔ اس وقت ہر سال افریقہ میں ہزاروں لوگ ایچ آئی وی کی دوا کی عدم دستیابی کے باعث ہلاک ہو رہے ہیں۔ حالانکہ یہ دوا ترقی یافتہ ملکوں میں دستیاب تھی لیکن غریب عوام کو اس تک رسائی نہیں تھی۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں جمعے کو کانفرنس کے انیسویں سالانہ اجلاس کے اختتام پر اس بات پر زور دیا گیا کہ دنیا بھر میں رائج مختلف قوانین ایچ آئی وی ایڈز کے مرض پر قابو پانے کی کوششوں میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔

AIDS Konferenz Melbourne
چھ روزہ ایڈز کانفرنس آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں منعقد کی گئیتصویر: picture-alliance/dpa

کانفرنس کے آخری روز انٹرنیشنل ایڈز سوسائٹی کے نومنتخب صدر کرِس بیریر کاکہنا تھا: ’’ امتیازی قوانین اور پالیسیاں ہمیں دیوار سے لگا رہی ہیں جن کے نتیجے میں حقوق سلب ہو رہے ہیں اور صحت کی سہولتوں تک رسائی کم ہو رہی ہے۔‘‘

انہوں نے یوگنڈا کی ایک نرس کا حوالہ دیا جسے ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا ہونے پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے مشرقی یورپ اور وسطیٰ ایشیا میں ایڈز کے وائرس کے خلاف صحت کی بنیادی سہولتوں تک رسائی میں حائل رکاوٹوں کی جانب بھی توجہ دلائی۔

انہوں نے کہا: ’’جب پوٹن انتظامیہ (ماسکو حکومت) نے جزیرہ نما کریمیا کا کنٹرول سنبھالا تو اس کے پہلے ہی روز انہوں نے کریمیا کے میتھاڈون پروگرام کے خاتمے کا اعلان کیا۔‘‘

ایچ آئی وی ایڈز کے خلاف آگہی اور اس کے سدباب کی حکمتِ عملی طے کرنے کے لیے یہ بین الاقوامی اجلاس آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں ویک اینڈ سے جاری تھا۔ اس میں دنیا بھر سے تقریباﹰ بیس ہزار افراد نے شرکت کی جن میں سائنسدان، پالیسی ساز اور گراس رُوٹ سطح کے کارکن بھی شامل تھے۔ ایچ آئی وی ایڈز کے موضوع پر منعقد ہونے والی یہ دنیا کی سب سے بڑی کانفرنس ہے جس کی یہ انیسویں نشست تھی۔ آئندہ کانفرنس کینیڈا میں ہو گئی۔

اقوام متحدہ کے پروگرام یو این ایڈز کے مطابق 1981ء سے تقریباﹰ اٹھہتر ملین افراد ایچ آئی وی میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ گزشتہ برس اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد پینتیس ملین ریکارڈ کی گئی تھی۔