1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیائی گیمز: ہاکی کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان

عابد حسین30 ستمبر 2014

جنوبی کوریا کے شہر انچون میں سترہویں ایشیائی کھیل جاری ہیں۔ اس میں ہاکی کے ڈسپلن میں پاکستان نے ملائیشیا کی ٹیم کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DNkN
تصویر: AP

ایشیائی کھیلوں کے میزبان شہر انچون کے سیئون ہاک ہاکی اسٹیڈیم میں آج کھیلے جانے والے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی ہاکی ٹیم ہار سے بال بال بچ گئی۔ مقررہ وقت تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہ کر سکی تھیں۔ بعد میں دیے گئے اضافی وقت میں بھی فیصلہ نہ ہوا۔ انجام کار سیمی فائنل میچ کا فیصلہ پنالٹی شُوٹ آؤٹ پر ہوا۔ ابتدائی پانچ پنالٹی شارٹس میں بھی دونوں ٹیموں کی جانب سے تین تین گول کیے گئے۔ بعد میں گولڈن گول پاکستان کی جانب سے کیا گیا۔ یہ گول راشد محمود نے کیا۔ راشد محمود کی ابتدائی ہِٹ کو ملائشیا کے گول کیپر نے روک لیا تھا لیکن گیند واپس آئی تو پاکستانی کھلاڑی نے حاضر دماغی سے گیند کو گول پوسٹ میں ڈال دیا۔

پاکستان ایشیائی گیمز میں ہاکی ڈسپلن کا دفاعی چیمپیئن ہے۔ چار سال قبل پاکستانی ٹیم نے فائنل میچ میں ملائشیا کو ہرا کرطلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ منگل کے روز کھیلے گئے سیمی فائنل میں دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی بھرپور کوششیں کی لیکن پاکستانی گول کیپر عمران بٹ اور ملائیشیائی ٹیم کے گول کیپر کُمار سبرامنیم کا کھیل شاندار تھا۔ دونوں گول کیپروں نے کئی حملے ناکام بنائے۔ پاکستان کی جانب سے پنالٹی ہِٹ پر گول کرنے سے قبل عمران بٹ نے بھی شاندار انداز سے گول بچایا تھا۔

Hockey Pakistan gegen China
پاکستان نے سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دیتصویر: DW/T.Saeed

پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان فائنل میچ جمعرات کے روز کھیلا جائے گا۔ جو بھی ٹیم فائنل میچ جیتے گی وہ سن 2016 کے برازیلی شہر میں ہونے والے ریو ڈی جینریو اولمکپس کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ہاکی کی روایتی حریف ٹیمیں ہیں اور دونوں ملکوں میں ہاکی کھیل رُو بہ زوال ہے۔ حالیہ سالوں میں بھارت میں اِس کھیل کی ترویج دیکھنے میں آئی ہے۔ اسی طرح پاکستان میں بھی کھیل کو ترغیبات سے مقبول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

پاکستانی ہاکی ٹیم کی جیت کے بعد کوچ شہناز شیخ نے اپنے رب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی اہم جیت ہے اور اِس سے اُن کے کھلاڑیوں کے حوصلے اور مورال یقینی طور پر بلند ہوا ہے۔ پاکستان کے سابق معروف کھلاڑی اور موجودہ کوچ شہناز شیخ کا مزید کہنا تھا کہ اب اُن کی ٹیم فائنل میں جی داری کے ساتھ روایتی حریف کا سامنا کرے گی۔ پاکستانی کوچ کے مطابق ایشیائی گیمز کا فائنل میچ یقینی طور پر خاصا جاندار ہو گا کیونکہ دونوں ٹیمیں پوری قوت اور ہمت سے کھیلتی ہیں۔ ملائیشیائی کوچ ارُول سیلواراج نے پاکستان کے خلاف اپنی ٹیم کے مجموعی کھیل کی تعریف کی۔