1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایشیائی گیمز کا شاندار افتتاح، پہلا طلائی تمغہ چین کے نام

عاطف بلوچ20 ستمبر 2014

17ویں ایشیائی گیمز کا پہلا طلائی تمغہ اپنے نام کرنے کا اعزاز چینی خواتین کی نشانہ باز ٹیم کو ملا ہے۔ ان کھیلوں کے باقاعدہ انعقاد سے ایک روز قبل یعنی بروز جمعہ ایک شاندار افتتاحی تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/1DG4R
تصویر: AFP/Getty Images/Manan Vatsyayana

جنوبی کوریا میں منعقد ہو رہیں ایشیائی گیمز کے دوسرے دن بروز ہفتہ چینی نشانہ باز گُوا وائجان، زہانگ منگ یوآن اور زاؤ شین یوآن نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور دس میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں مجموعی طور پر ایک ہزار 146 پوائنٹس حاصل کر کے سترہویں ایشیائی گیمز کا پہلا طلائی تمغہ جیت لیا۔ اس مقابلے میں میزبان ملک جنوبی کوریا کی ٹیم فیورٹ قرار دی جا رہی تھی۔ چینی خواتین ٹیم کی کوچ نے کہا کہ وہ اس گولڈ میڈل جیتنے کے بارے میں کوئی بہت زیادہ پرامید نہیں تھیں لیکن ٹیم کی محنت رنگ لے آئی ہے۔

Asienspiele 2014 Eröffnung 19.09.2014 Incheon
ان کھیلوں میں 45 ممالک کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیںتصویر: Reuters/Kim Kyung-Hoon

قبل ازیں جمعے کی شب جنوبی کوریا کے تیسرے سب سے بڑے شہر اِنشان میں ان کھیلوں کی شاندار اور رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی۔ اِنشان کے اسٹیڈیم میں 61 ہزار تماشائیوں نے افتتاحی پریڈ کے دوران شمالی کوریائی کھلاڑیوں کو کھل کر داد دی۔

جنوبی کوریا کے پاپ اسٹار سائی کے ’گنگم اسٹائل‘ نے اس تقریب میں چار چاند لگا دیے اور جب وہ پرفارمنس کے لیے اسٹیج پر جلوہ افروز ہوئے تو تمام اسٹیڈیم ان کی تان اور تال پر ناچ اٹھا۔

ان کھیلوں میں 45 ممالک کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں، جن میں پاکستانی دستہ سو سے زائد کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ان کھیلوں کا باقاعدہ افتتاح جنوبی کوریائی صدر پاک گن شہ نے کیا، جس کے بعد ملک کی معروف اداکارہ لی ینگ اے نے ان کھیلوں کی روایتی مشعل روشن کی۔ اس دوران انہیں دو بچوں کی مدد بھی حاصل تھی۔

افتتاحی تقریب کا موضوع تھا، ’متحدہ ایشیا‘۔ اس دوران جنوبی کوریا کی گریمی ایوارڈ یافتہ صومی جو نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ اس مرتبہ ایشیائی کھیلوں میں چھتیس مختلف مقابلوں میں 439 طلائی تمغے دیے جائیں گے۔ ان مقابلوں کے لیے انشان میں سترہ نئے اسٹیڈیمز بنائے گئے ہیں۔ میزبان ملک کی کوشش ہے کہ وہ ان کھیلوں میں طلائی تمغے جیتنے والا دوسرا بڑا ملک رہے۔

چین کے کھلاڑی ان کھیلوں میں فیورٹ قرار دیے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ وہ ایشیائی مقابلوں کے مسلسل نویں ایڈیشن میں بھی سب سے زیادہ تمغے جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔ چینی ایتھلیٹس نے 2010ء کے ایشیائی مقابلوں میں ریکارڈ 199 گولڈ میڈل اپنے نام کیے تھے جبکہ مجموعی طور پر چینی کھلاڑیوں نے 416 تمغے جیتے تھے۔