1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایران: غیر ملکی خواتین کو مینزوالی بال میچ دیکھنے کی اجازت

عابد حسین28 جنوری 2015

ایران نے اپنی روایت کو توڑتے ہوئے غیر ملکی خواتین کو مردوں کے والی بال میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ اِس کا اعلان ایران کی قومی والی بال فیڈرشن کی جانب سے کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1ESKE
والی بال کی عالمی چیمپیئن شپ کے دوران ایک خاتونتصویر: K. Bazyar

ایران کی والی بال فیڈریشن نے بدھ کے روز اینے ایک اعلان میں غیر ملکی خواتین کو مردوں کے والی بال میچ دیکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ یاد رہے تین ماہ قبل انٹرنیشنل والی بال فیڈریشن نے ایرانی حکام کو متنبہ کیا تھا کہ اگر ایران میں والی بال میچوں کے سلسلے میں جنسی امتیاز کی پالیسی برقرار رکھی تو اسلامی جمہوریہ ایران کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ سے محروم کیا جا سکتا ہے۔ خیال کیا گیا ہے کہ غیر ملکی خواتین کو یہ اجازت رواں برس کی ایشین چیمپیئن شپ کے سلسلے میں دی گئی ہے۔

ایران میں خواتین کو عموماً مردوں کے میچز دیکھنے کی اجازت نہیں ہے۔ حکام کے مطابق اس پابندی کی وجہ کھلاڑیوں اور شائقین میں پایا جانے والا غیر شائستہ اور غیر اخلاقی رویہ ہوتا ہے، جب وہ جذبات کی رو میں بہکتے ہوئے ناشائستہ زبان استعمال کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ والی بال میچ کے حوالے سے جنسی امتیاز کا تنازعہ اُس وقت کھڑا ہوا تھا جب ایک برطانوی نژاد ایرانی خاتون کو تہران حکومت نے گزشتہ برس جون کے مہینے میں والی بال کے ایک میچ سے قبل اسٹیڈیم کے باہر سے گرفتار کر لیا تھا۔

Ghoncheh Ghavami
برطانوی نژاد خاتون نام غنچہ قوامیتصویر: picture-alliance/AP Photo/Free Ghoncheh Campaign

برطانوی نژاد خاتون کا نام غنچہ قوامی ہے۔ جون میں گرفتاری کے بعد اُسے کچھ گھنٹوں بعد رہا کر دیا گیا۔ مگر بعد میں اُسے گرفتار کر کے جیل میں ڈال دیا گیا تھا اور گزشتہ نومبر میں اُسے ضمانت پر رہا کیا گیا۔ ایرانی حکام کے مطابق غنچہ قوامی کو سکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا تھا۔ اُسی کے معاملے پر انٹرنیشنل والی بال فیڈریشن نے تہران حکومت کو متنبہ کیا تھا۔ ایرانی حکومت نے انٹرنیشنل ادارے کے برطانوی نژاد خاتون کے حوالے سے پیدا خدشات کو مسترد کر دیا تھا۔

ایرانی والی بال فیڈریشن کے صدر محمود افشار دوست کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سفارت خانوں میں کام کرنے والی غیر ملکی خواتین کے علاوہ غیر ملکی ٹیموں کے ساتھ آنے والی فیملیز اور دوسری غیر ملکی خواتین جو ایران میں قیام پذیر ہیں، وہ والی بال میچوں کو دیکھنے جا سکتی ہیں۔ رواں برس ایشین والی بال چیمپیئن شپ کے دوران والی بال اسٹیڈیم کے ایک مخصوص حصے کو خواتین کے مختص کر دیا جائے گا۔ والی بال کا یہ بین الاقوامی ٹورنامنٹ اکتیس جولائی سے لیکر آٹھ اگست تک کھیلا جائے گا۔ ایران میں والی بال کھیل خاصا مقبول ہے اور گزشتہ برس والی بال کی عالمی چیمپیئن شپ میں ایرانی ٹیم کو چھٹی پوزیشن حاصل ہوئی تھی۔