1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبولا سے ہلاکتیں 7,000 تک پہنچ گئیں

افسر اعوان30 نومبر 2014

مغربی افریقی ممالک میں ایبولا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 7,000 کے قریب پہنچ چکی ہے۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت نے ہفتے کے روز اپنی ویب سائٹ پر جاری کردہ اعداد وشمار کے حوالے سے بتائی ہے۔

https://p.dw.com/p/1DxB6
تصویر: Getty Images/Peter Busomoke

ہفتہ 29 نومبر کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ایبولا وائرس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 6،928 ہو چکی ہے۔ یہ تعداد ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے بدھ 26 نومبر کو جاری کردہ رپورٹ کے مقابلے میں 1200 زائد ہے۔ اس وقت ہلاک شدگان کی تعداد 5,674 بتائی گئی تھی۔ تاہم اقوام متحدہ کے صحت سے متعلق اس ادارے نے تعداد میں اچانک اضافے کی وجہ نہیں بتائی۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق فوری طور پر عالمی ادارہ صحت کے ترجمان سے اس حوالے سے رابطہ نہیں ہو سکا۔ تاہم خیال یہی ہے کہ سابق رپورٹ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد شاید شامل نہ ہو سکی ہو۔

اس وائرس کی تصدیق رواں برس مارچ میں گنی کے دور افتادہ جنوب مشرقی جنگلات میں ہوئی تھی۔ اس کے بعد سے اب تک 16,169 سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ اس وائرس سے سب زیادہ متاثرہ ممالک گِنی، لائبیریا اور سیرالیون ہیں۔ زیادہ تر اموات بھی انہی ممالک میں ہوئی ہیں اور ایبولا وائرس سے متاثر افراد کا تعلق بھی انہی تین ممالک سے ہے۔

ڈبلیو ایچ او کی اس سے قبل جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ان تین ممالک کے علاوہ پانچ دیگر ممالک میں ایبولا سے متاثرہ افراد کی ہلاکت ہوئی ہے اور ایسے افراد کی تعداد 15 ہے۔

ایبولا وائرس کس طرح ایک فرد سے دوسرے میں منتقل ہو سکتا ہے
ایبولا وائرس کس طرح ایک فرد سے دوسرے میں منتقل ہو سکتا ہے

تازہ اعداد وشمار کے مطابق سب سے زیادہ ہلاکتیں لائیبریا میں ہوئی ہیں اور ان کی تعداد 4,181 ہے جبکہ وہاں ایبولا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 7,244 ہے۔

سرالیون میں ایبولا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 1,461 ہے جبکہ وہاں ایبولا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 6,802 ہے۔ گِنی میں ایبولا سے متاثرین کی تعداد 2,123 بتائی گئی ہے جبکہ اس سبب ہلاکتوں کی تعداد 1,284 ہے۔

ہفتہ 29 نومبر کو ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ اعداد وشمار صرف گنی، سرالیون اور اور لائبیریا میں ایبولا کی وباء اور ہلاکتوں کے بارے میں ہیں۔ جبکہ 26 نومبر کے اعداد وشمار کے مطابق ایبولا سے متاثر ہونے والے حالیہ ملک مالی میں آٹھ افراد میں ایبولا کی تصدیق ہوئی تھی جن میں چھ افراد کا انتقال ہو گیا۔