1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ايبولا وائرس کے خلاف ويکسين، انسانوں پر پہلا تجربہ کامیاب

عاصم سليم27 نومبر 2014

ايبولا وائرس کے انسداد کے ليے زير آزمائش ويکسين کے پہلے مرحلے کے نتائج مثبت آئے ہيں، جس کے بعد محققين نے يہ اُميد ظاہر کی ہے کہ وہ اِس مہلک وباء کا علاج دريافت کرنے کے مزید ايک قدم قريب پہنچ گئے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1DuL2
تصویر: Reuters

امريکی ’نيشنل انسٹيٹيوٹس آف ہيلتھ‘ يا (NIH) کے مطابق ايبولا وائرس کے خاتمے کے ليے تيار کردہ ويکسين کی آزمائش کے پہلے مرحلے ميں اُسے بيس بالغ اور صحت مند افراد کو مختلف مقداروں ميں ديا گيا۔ اس طبّی ٹيسٹ کا حصہ بننے والے تمام کے تمام افراد ميں ايبولا وائرس کے خلاف کارآمد ثابت ہونے والی ’اينٹی باڈيز‘ بنيں۔ نيشنل انسٹيٹيوٹس آف ہيلتھ کے اس طبّی ٹيسٹ کے نتائج بدھ کے روز ’نيو انگلينڈ جرنل آف ميڈيسن‘ ميں شائع ہوئے۔

يہ ويکسين ’گليکسو اسمتھ کلائن‘ نامی ايک فارماسيوٹيکل کمپنی اور امريکی ’نيشنل انسٹيٹيوٹ آف ايلرجی اينڈ انفکشس ڈيزيز‘ کے اشتراک سے تيار کی جا رہی ہے۔ اس ادارے کے سربراہ انتھونی فوسی کے مطابق، ’’جو ويکسين تيار کی جا رہی ہے، وہ اس وباء کے خاتمے اور مستقبل ميں بڑے پيمانے پر پھيلاؤ کو روکنے ميں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔‘‘ ان کے بقول انسانوں پر کی جانے والی پہلی طبّی آزمائش کے مثبت نتائج کی بنياد پر وہ مستقبل قريب ميں اسی طرز کے مزيد بڑے ٹيسٹ کرنے کے منصوبوں کو آگے بڑھا رہے ہيں تاکہ اس بات کا حتمی طور پر تعين کيا جا سکے کہ آيا يہ ويکسين وائرس کے خاتمے ميں کار آمد ثابت ہو گی۔ تاہم نيشنل انسٹيٹيوٹ آف ايلرجی اينڈ انفکشس ڈيزيز کے سربراہ نے يہ بھی واضح کيا کہ يہ ويکسين ابھی ’فيلڈ‘ ميں يا متاثرہ مقامات و ممالک ميں استعمال سے کئی ماہ دور ہے۔

ايبولا سے مغربی افريقی ممالک گنی، لائيبيريا اور سيرا ليون سب سے زيادہ متاثر ہوئے ہيں
ايبولا سے مغربی افريقی ممالک گنی، لائيبيريا اور سيرا ليون سب سے زيادہ متاثر ہوئے ہيں

امريکا کے ادارے نيشنل انسٹيٹيوٹ آف ايلرجی اينڈ انفکشس ڈيزيز کی جانب سے يہ بھی بتايا گيا ہے کہ ايبولا وائرس سے سب سے زيادہ متاثرہ مغربی افريقی ممالک ميں سے ايک لائبيريا کے حکام کے ساتھ اس بارے ميں مشاورت جاری ہے کہ وہاں اگلے مرحلے کے ٹيسٹ کيے جائيں۔ تاہم ممکنہ ٹيسٹ آئندہ برس ہی ہو سکيں گے۔

واضح رہے کہ وائٹ ہاؤس کی جانب سے ويکسين پر کام کرنے والے محققين کی ٹيم کو اس پيش رفت پر مبارک باد پيش کی گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی طرف سے بدھ کو جاری ہونے والے ايک بيان ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ صدر باراک اوباما آئندہ ہفتے نيشنل انسٹيٹيوٹ آف ايلرجی اينڈ انفکشس ڈيزيز کے دفتر کا دورہ کريں گے۔

يہ امر اہم ہے کہ ايبولا وائرس کے خاتمے کے ليے زير آزمائش يہ واحد ويکسين نہيں ہے۔ ايک اور ويکسين، جس کا مقصد ايبولا کی ايک مخصوص قسم کو روکنا ہے، يونيورسٹی آف ميری لينڈ ميں اکتوبر سے زير آزمائش ہے۔ کينيڈا ميں بھی ايک اور ويکسين انسانوں پر ابتدائی آزمائش کے دوران مثبت نتائج ظاہر کر رہی ہے۔

دريں اثناء عالمی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ صرف ایک ہفتے کے دوران ایبولا وائرس سے متاثرہ ممالک میں اس وباء کے چھ سو نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے مطابق مغربی افریقہ میں اس خطرناک بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد اب بڑھ کر تقریباﹰ سولہ ہزار تک پہنچ چکی ہے جبکہ ہلاک ہونے والے مریضوں کی تعداد پانچ ہزار چھ سو نوّے ہو گئی ہے۔