1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انسدادِ تمباکو نوشی کا عالمی دن

عابد حسین31 مئی 2014

دنیا بھر میں 31 مئی کو ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انسداد تمباکو نوشی کے حوالے سے اب پالیسی ایکسپرٹس اور معالجین ’ای سیگریٹ‘ کی حمایت اور مخالفت میں الجھے ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1C9pT
تصویر: picture-alliance/dpa

کہا جاتا ہے کہ دنیا بھر میں تمباکو نوشی کے باعث ہر چھ سیکنڈ کے بعد ایک شخص موت کا تر نوالہ بن رہا ہے۔ عالمی ادارہ صحت (WHO) کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر دنیا بھر میں ساٹھ لاکھ افراد کی ہلاکت کا سبب تمباکو نوشی بنتی ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان میں دنیا بھر میں 1.3 بلین تمباکو نوشوں کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ اُس وقت تک ای سگریٹ کی جانب راغب نہ ہوں، جب تک یہ طے نہیں پا جاتا کہ سگریٹ نوشی کا یہ طریقہ صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔

E-Cigarettes Elektrische Zigarette
ورلڈ نو ٹوبیکو ڈے کے موقع پر ای سیگریٹ کی حمایت میں اضافہ ہوا ہےتصویر: Getty Images

یہ امر اہم ہے کہ آج کل ای سگریٹ کی حمایت میں ایک بڑی مہم جاری ہے۔ ای سگریٹ کے اندر تمباکو سے پیدا ہونے والی نکوٹین کو ایک کیمیکل محلول کے ساتھ رکھا جاتا ہے اور جب ای سگریٹ کو سلگایا جاتا ہے تو یہ نکوٹین کیمیاوی مادے پروپائلین گلائیکول کے ساتھ دھوئیں کی شکل اختیار کر لیتی ہے اور پھر ای سگریٹ پینے والا یہی دھواں اپنے اندر لے جاتا ہے۔ اس میں بظاہر کوئی تمباکو استعمال نہیں ہوتا۔ ابھی تک ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کی جانب سے ای سگریٹ پر کوئی حتمی رائے سامنے نہیں آئی ہے۔

انسداد تمباکو نوشی کے دن کے موقع پر پچاس کے قریب ماہرین نے عالمی ادارہٴ صحت کی سربراہ مارگریٹ چان کو ایک خط تحریر کیا ہے کہ وہ ای سگریٹ کو زندگی بچانے والے ایک آلے طور پر قبول کرتے ہوئے اِس کے استعمال کو جائز قرار دیں۔ ان ماہرین کا خیال ہے کہ اَمراض قلب، پھیپھڑوں کے عَوارض اور کینسر کے مریضوں کو اگر ای سگریٹ پینے کی اجازت دے دی جائے تو کئی انسانی جانیں بچ سکتی ہیں۔ ان ماہرین نے ای سگریٹ کو صحت کے لیے اکیسویں صدی کی انتہائی اہم اختراعاتی دریافتوں میں سے ایک قرار دیا ہے۔

E-Cigarettes Elektrische Zigarette
آج کل ای سگریٹ کی حمایت میں ایک بڑی مہم جاری ہے۔تصویر: Getty Images

ای سگریٹ کے حامی ماہرین نے عالمی ادارہ صحت کے علاوہ مختلف اقوام کے لیڈران پر بھی زور دیا ہے کہ وہ جرأت مندانہ فیصلہ کرتے ہوئے اِس انداز کے سگریٹ کو قومی اور عالمگیر پالیسیوں کا حصہ بناتے ہوئے مرکزی دھارے میں لائیں۔ ای سگریٹ کئی ملکوں میں ممنوع ہے، جن میں برازیل اور سنگاپور نمایاں ہیں۔ ای سگریٹ کے حامیوں کو خدشہ ہے کہ عالمی ادارہ امکاناً بیٹری سے چلنے والے ای سیگریٹ کو کُلیّ طور پر ممنوع قرار دیتے ہوئے اس کی اشتہاری مہم کو بھی خلافِ ضابطہ قرار دے سکتا ہے۔

دوسری جانب ایسے اشارے سامنے آئے ہیں کہ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیش ان دنوں ای سگریٹ کے قابلِ استعمال ہونے کے حوالے سے بعض سفارشات ترتیب دینے کی کوشش میں ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ان سفارشات کو اکتوبر میں رکن ملکوں کے حکومتی نمائندوں کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ ای سگریٹ کے مخالفین کا خیال ہے کہ اس کے عام استعمال سے سگریٹ نوشی کا جدید روپ گلیمرس ہو جائے گا اور سگریٹ نہ پینے والے ٹین ایجر بھی اس طرح نکوٹین کے عادی بن سکتے ہیں۔

پاکستان جیسے ملکوں میں، جہاں تمباکو نوشی روکنے کے لیے مناسب قوانین کا فقدان ہے اور عوام میں تمباکو نوشی کے خطرات سے آگاہی کی بھی کمی ہے، تمباکو نوشی کے رجحان میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان کے مقامی میڈیا میں مختلف رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا جا رہا ہے کہ آج کل جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ تمباکو نوشی پاکستان میں ہو رہی ہے اور یہ کہ نوجوان نسل میں یہ رجحان سب سے زیادہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پاکستان کی دیہی خواتین اور شہری اشرافیہ کی نوجوان لڑکیاں تمباکو نوشی کی جانب خاص طور پر راغب ہو رہی ہیں ۔