1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

انجلینا جولی اور بریڈ پٹ نے شادی کر ہی لی

ندیم گِل29 اگست 2014

ہالی وُڈ کے معروف جوڑے انجلینا جولی اور بریڈ پِٹ بلآخر رشتہ ازدواج میں بندھ گئے ہیں۔ وہ گزشتہ نو برس سے ایک ساتھ زندگی گزار رہے تھے۔ انہوں نے فرانس کے ایک جنوبی علاقے میں شادی کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1D3Pm
انجلینا جولی اور بریڈ پٹتصویر: Reuters/Mario Anzuoni/Files

ان کی شادی کی تقریب کو خفیہ رکھا گیا جسے ایک ’نجی معاملہ‘ قرار دیا گیا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ہالی وُڈ کے ان ستاروں کی شادی ہفتے کو ایک امریکی جج نے کروائی۔

اس جوڑے کے ایک ترجمان نے جمعرات کو بتایا ہے کہ شادی کی تقریب فرانس کے ایک گاؤں کورانس کے ایک چھوڑے سے گرجا گھر میں منعقد کی گئی تھی۔ مہمانوں میں جارج کلونی بھی شامل تھے جنہوں نے کہا: ’’میں بریڈ اور اینجی اور ان کے پورے خاندان کے لیے بہت خوش ہوں۔‘‘

دونوں کے چھ بچے بھی شادی کی تقریب میں شریک تھے۔ جولی اپنے بڑے بیٹوں میڈوکس اور پیکس کے ساتھ ہال میں پہنچیں۔ ان کی بیٹیوں زاہیرے اور ویویانے نے پھول برسائے جبکہ ان کے جڑواں بچوں شیلوہ اور ناکس نے انگوٹھیاں پیش کیں۔

بریڈ پِٹ کی عمر اس وقت پچاس برس ہے جبکہ انجلینا جولی انتالیس برس کی ہیں۔ انہوں نے کیلی فورنیا کے ایک مقامی جج سے شادی کا سرٹیفیکٹ حاصل کیا جو باقاعدہ شادی کروانے کے لیے فرانس پہنچے۔

Filmstill Maleficent - Die dunkle Fee Angelina Jolie
انجلینا جولی نے اپنی نئی فلم ’میلیفِسنٹ‘ میں ایک جادوگرنی کا کردار ادا کیاتصویر: Frank Connor/Disney Enterprises/dpa

پِٹ نے جمعرات کو برطانیہ میں اپنی نئی ورلڈ وار ٹو فلم ’فیوری‘ کی پروموشن کے لیے ایک تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہیں شادی کی انگوٹھی پہنے دیکھا گیا۔

جولی اور پِٹ 2005ء میں ایکشن فلم ’مسٹر اینڈ مسز اسمتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہو گئے تھے۔ تب سے ہی ان کی فلموں کی مانند ان کی محبت کا بھی چرچا ہے اور ذرائع ابلاغ اس جوڑے کو ’بریجلینا‘ کہہ کر پکارتا ہے۔

رواں برس قبل ازیں جولی نے پیپل میگزین کے ساتھ بات چیت میں کہا تھا کہ انہیں اور پِٹ کو شادی کرنے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا: ’’ہم منتظر ہیں کہ بچوں اور کام کے تناظر میں مناسب وقت کونسا ہو گا، جب ایسا کرنا اچھا لگے گا۔‘‘

جولی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار جون ووئیٹ کی بیٹی ہیں۔ اس سے قبل وہ دو مرتبہ شادی کر چکی ہیں۔ اپنے فلمی کیریئر میں انہیں نے مختلف کردار ادا کیے ہیں، کبھی وہ ’آ مائیٹی ہارٹ‘ میں مقتول امریکی صحافی ڈاینیئل پرل کی بیوہ کے طور پر سامنے آئیں اور کبھی وہ سیکسی ویڈیو گیم ہیرویئن ’لارا کرافٹ: ٹومب ریڈر‘ بن کر جلوہ گر ہوئیں۔