1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی شہریوں کی اوسط عمر میں ریکارڈ اضافہ

کشور مصطفیٰ13 اکتوبر 2014

امریکی باشندوں کی عمریں ماضی اتنی طویل کبھی نہیں ہوئی تھیں جتنی اب ہونے لگی ہیں۔ اس بارے میں ایک سرکاری رپورٹ حال ہی میں شائع ہوئی ہے جس کے مطابق امریکا میں اموات کی شرح میں واضح کمی پیدا ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1DUwT
تصویر: Getty Images

اس رپوٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا میں اموات کی بنیادی وجوہات ماضی جتنی ہی ہیں ان میں کوئی اضافہ نہیں ہوا ہے۔ اس کے برعکس امریکا میں خودکُشی کی شرح میں گزشتہ 25 برسوں کے مقابلے میں ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے۔ اس میں 2000 ء سے بہت تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

امریکا کے سینٹرز فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن ’ سی ڈی سی‘ کی ایک شاخ سے منسلک ماہر رابرٹ اینڈرسن کہتے ہیں، " یہ کہنا بہت ہی مشکل ہے کہ امریکا میں خود کُشی کی شرح میں ریکارڈ اضافہ کیوں ہوا ہے" ۔

اس بارے میں 2012 ء کی سالانہ رپورٹ میں اموات کی شرح سے متعلق اعداد و شمار شامل کیے گئے۔ امریکا میں 2012 ء میں پیدا ہونے والے بچوں کی متوقع عمر 78 سال اور ساڑھے 9 ماہ بتائی گئی جو 2010 ء اور 2011 ء کے مقابلے میں 6 ہفتے زیادہ بنتی ہے اس لیے اسے ایک نیا ریکارڈ قرار دیا گیا ہے۔

Meridia Medikament zum Abnehmen
امریکا میں درد کُش ادویات کا بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

2011 ء کے اندازوں کے مقابلے میں 2012 ء کے اعداد و شمار سے پتہ چلا ہے کہ امریکا میں مردوں اور خواتین کی متوقع عمروں میں فرق بڑھ گیا ہے۔ 65 سال کی عمر کو پہنچنے والے باشندوں کے بارے میں ’ سی ڈی سی‘ کا کہنا ہے کہ اس عمر کے مرد اوسطاً 18 سال مزید جی سکتے ہیں جبکہ 65 سال کی عمر کو پہنچنے والی خواتین کے ساڑھے بیس سال مزید زندہ رہنے کے امکانات ہوتے ہیں۔

2012 ء میں امریکا میں ڈھائی ملین اموات ریکارڈ کی گئیں جو 2011 ء کے مقابلے میں 28 ہزار سے زیادہ تھی۔ رابرٹ اینڈرسن کا کہنا ہے کہ اموات کی شرح میں اضافہ غیر متوقع نہیں ہے اور اس سے امریکی قوم کی بڑھتی ہوئی عمر کی نشاندہی ہوتی ہے۔

Lebensmittelgeschäft in New York warnt vor Rindfleisch
کھانے پینے کی اشیاء میں استعمال کیے جانے والے اجزائے ترکیبی کے بارے میں عوامی آگہی بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہےتصویر: picture-alliance/dpa/dpaweb

اُدھر امریکا میں ایک بار پھرنو مولود بچوں کی اموات کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 1000نومولود بچوں میں سے قریب 6 بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔ یہ امریکا میں نومولود بچوں کی اموات میں ایک تاریخی کمی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے باوجود یورپ کے زیادہ تر ممالک کے مقابلے میں اب بھی امریکا میں شیر خوار بچوں کی اموات کی شرح زیادہ ہے۔

اموات کی شرح سے متعلق تازہ ترین رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ موت کے 10 اہم ترین اسباب پہلے کی طرح ہی ہیں۔ ان وجوہات کی فہرست میں سب سے اوپر دل کے امراض اور کینسر یا سرطان ہے اور دسویں یعنی آخری نمبر پر خود کُشی ہے۔