1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی اسکول میں فائرنگ، 20 بچوں سمیت کم از کم 26 ہلاک

14 دسمبر 2012

امریکی ریاست کنیٹیکٹ کے مقام نیو ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ مرنے والوں میں بیس بچے شامل ہیں۔ امریکا میں اس واقعے کے بعد سوگ کی فضا ہے۔

https://p.dw.com/p/172xj
تصویر: Reuters

امریکا میں فائرنگ کا تازہ واقعہ نیوٹاؤن کے سینڈی ہُک ایلیمینٹری اسکول میں پیش آیا۔ مسلح شخص نے اسکول میں داخل ہو کر بلا اشتعال فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں بیس بچوں سمیت دیگر چھ افراد ہلاک ہوئے۔ مرنے والوں میں مسلح شخص بھی شامل ہے۔ یہ ابھی واضح نہیں کہ فائر کرنے والا شخص کیسے ہلاک ہوا۔ بعض پولیس اہلکار ہلاکتوں کی تعداد 28 بتا رہے ہیں۔ اس تعداد میں 20 بچے، سات بالغ افراد اور فائرنگ کرنے والا شامل ہے۔ اٹھارہ بچے موقع پر دم توڑ گئے تھے اور دو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں جاں بحق ہوئے۔

US-Präsident Barack Obama Rede nach Amoklauf in Newtown
کنیٹیکٹ شوٹنگ کے بعد اوباما قوم سے تقریر کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے تھےتصویر: Getty Images

مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی عمر 24 برس کے قریب تھی۔ اخبار نیو یارک ٹائمز کے ایک رپورٹر کے مطابق فائرنگ کرنے والے بعدازاں خود کو بھی گولی مار لی۔ ممکنہ قاتل کی والدہ بھی ہلاک شدگان میں بتائی جاتی ہے، جو سینڈی ہُک ایلیمینٹری اسکول میں ٹیچر تھیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ مسلح شخص اسکول کی ایک کلاس میں اس وقت داخل ہوا جب بچے صبح کی اسمبلی کے لیے جمع تھے۔ مسلح شخص کے پاس چار مختلف ہتھیار تھے۔ اس نے بلٹ پروف جیکٹ بھی پہن رکھی تھی۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے کانام ایڈم لانزا (Adam Lanza) بتایا ہے اور وہ بیس برس کا ہے۔

سینڈی ہُک ایلیمینٹری اسکول میں کنڈر گارٹن سے چوتھے گریڈ تک تعلیم دی جاتی ہے۔ اسکول میں تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کی عمریں پانچ سے دس برس کے درمیان ہوتی ہیں۔ فائرنگ کے واقعے کی اطلاع کے بعد اسکول کی عمارت کے قریب افراتفری تھیں۔ والدین، بچے، ٹیچرز اور دوسرے عزیر و اقارب چیخنے چلانے کے علاوہ روتے ہوئے بھی دیکھے گئے۔ کئی بچے اسکول سے باہر زخمی حالت میں نکلے کیونکہ ان کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا۔ فائرنگ کی آواز سن کر کئی ٹیچروں نے اپنے اپنے کلاس رومز کو اندر سے تالا بھی لگا دیا تھا۔

Amoklauf in Newtown, Connecticut
سینڈی ہُک ایلیمینٹری اسکول میں پولیستصویر: Getty Images

اس واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد صدر باراک اوباما نے انتہائی جذباتی انداز میں افسوس کا اظہار کیا۔ وائٹ ہاؤس سے امریکی عوام سے خطاب کرتے ہوئے گلو گیر آواز میں اوباما نے کہا کہ اس افسوس ناک واقعے میں پانچ سے دس برس کی عمر کے پیارے پیارے بچے موت کے منہ میں چلے گئے۔ اوباما نے اپنے بیان میں امریکا میں بلا اشتعال شوٹنگ کے واقعات کا حوالہ بھی دیا۔ امریکی صدر نے سیاست سے بالاتر ہو کر امریکا میں اسلحے کی خرید و فروخت کے حوالے سے سخت اقدامات کرنے کا وعدہ بھی کیا۔ امریکی صدر نے واضح کیا کہ امریکی رائفل ایسوسی ایشن کا کانگریس کے بعض اراکین تک رسائی کے ساتھ ساتھ گہرا اثر پایا جاتا ہے۔ اہم عمارتوں پر امریکی پرچم سرنگوں کر دیا گیا ہے۔

امریکی ریاست کنیٹیکٹ کا چھوٹا سا قصبہ نیو ٹاؤن 27 ہزار کی آبادی پر مشتمل ہے۔ نیو ٹاؤن کا قصبہ شمالی فیئر فیلڈ کاؤنٹی کا حصہ ہے۔ فیئر فیلڈ کاؤنٹی ریاستی صدر مقام ہارٹ فورڈ سے شمال مغرب میں 70 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔ امریکی شہر نیویارک سے فیئرفیلڈ کاؤنٹی تقریباً 130 کلو میٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔ ریاست کنیٹیکٹ میں فائرنگ کا تازہ واقعہ رواں برس کا تیسرا ہے۔ امریکی تاریخ میں سینڈی ہُک ایلیمینٹری اسکول میں ہونے والی شوٹنگ دوسرا سنگین ترین واقعہ ہے۔ اس سے قبل سن 1999 میں ریاست کولوراڈو کے مقام لٹل ٹون اسکول میں دو لڑکوں کی فائرنگ سے بارہ بچے اور ایک ٹیچر کی ہلاکت ہوئی تھی۔ امریکی تاریخ میں فائرنگ کا سب سے ہولناک واقعہ ورجینیا ٹیکنیکل یونیورسٹی میں سن 2007 میں پیش آیا تھا اور اس میں 32 لوگ مارے گئے تھے۔

ah / ng (dpa, Reuters)