1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امريکا: خواتين فوجی لڑاکا مشن تک رسائی سے ايک قدم اور قريب

عاصم سليم16 ستمبر 2014

امريکی فوج ميں شامل خواتين اہلکاروں کو پہلی مرتبہ رينجر اسکول ميں داخلے کے ليے درخواست جمع کرانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ يہ اقدام خواتين فوجيوں کی لڑاکا مشن تک رسائی آسان بنانے کے ليے ايک کوشش کے طور پر ديکھا جا رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DCkr
تصویر: picture-alliance/AP

امريکی دارالحکومت واشنگٹن سے موصولہ نيوز ايجنسی اے ايف پی کی رپورٹوں کے مطابق آرمی نے پير پندرہ ستمبر کے روز فوج ميں شامل خواتين کو آزمائشی بنيادوں پر ملک کے معروف رينجر اسکول ميں داخلے کی اجازت دے دی ہے۔ امريکا کی جنوب مشرقی رياست جارجيا ميں قائم رينجر اسکول انتہائی دشوار صورتحال ميں ايک چھوٹے يونٹ کی قيادت سے متعلق مہارت کا تعين کرنے کا کام انجام ديتا ہے۔ اس اسکول ميں تربيت کے ليے جو کتاب استعمال ميں آتی ہے، اس پر مندرجہ ذيل الفاظ درج ہيں، ’کمزور اور کمزور دل افراد کے ليے نہيں۔‘

فوجيوں کو يوميہ بيس گھنٹوں تک تربيت کا عمل جاری رکھنا ہوتا ہے
فوجيوں کو يوميہ بيس گھنٹوں تک تربيت کا عمل جاری رکھنا ہوتا ہےتصویر: AP

امريکی فوج کے نئے قوانين کے تحت خواتين اہلکاروں کو لڑاکا مشن تک يا اس سے قريب تر ذمہ دارياں سونپے جانے کے سلسلے ميں خواتين کی رينجر اسکول ميں شموليت کو ايک مطالعے کے طور پر ليا جائے گا، جس کا مقصد اس بات کا تعين کرنا ہے کہ آيا خواتين کو ايسے پروگواموں کا حصہ بنايا جا سکتا ہے۔ فوج نے اس سلسلے ميں کال جاری کی ہے کہ دلچسپی رکھنے والی خواتين اپنی اپنی درخواستيں جمع کرا سکتی ہيں، جنہيں کاميابی کی صورت ميں آئندہ برس موسم بہار سے شروع ہونے والے کورس کا حصہ بنايا جا سکتا ہے۔

اس بارے ميں امريکی فوج کی طرف سے پير کو جاری کردہ بيان ميں کہا گيا ہے کہ رينجر کورس مردوں اور خواتين کو يکساں تربيت فراہم کرے گا تاکہ مستقبل کے ليے ادارے، اسکول اور ليڈران تيار کيے جا سکيں۔

رينجر کورس ميں فوجيوں کو امريکی رياست جارجيا کے کٹھن جنگلات اور فلوريڈا کے کئی حصوں ميں دشوار گزار مقامات اور آزمائشوں سے گزرنا پڑتا ہے۔ ان ميں سخت جسمانی اور ذہنی دباؤ کے دوران طويل دورانيے کے ليے گشت، چھاپے اور پيراشوٹ کی مدد سے زمين پر اترنے کی تربيت شامل ہے۔ عام طور پر فوجيوں کو يوميہ بيس گھنٹوں تک تربيت کا عمل جاری رکھنا ہوتا ہے اور انہيں نيند کے ليے چار گھنٹے يوميہ سے بھی کم وقت ديا جاتا ہے۔

جارجيا کے فورٹ بيننگ پر واقع اس اسکول کی انتظاميہ اور فوج نے واضح کر ديا ہے کہ خواتين کے ليے معيارات ميں رد و بدل يا انہيں نرم نہيں کيا جائے گا۔

فوج کی طرف سے جاری کردہ بيان ميں مطلع کيا گيا ہے کہ اس آزمائشی پروگرام ميں خواتين کے ايک گروپ کو تربيت کے ليے جبکہ ايک اور گروپ کو مبصر اور مشير کی حيثيت سے شامل کيا جائے گا۔ تاحال يہ واضح نہيں کہ کتنی تعداد ميں خواتين فوجيوں کو پروگرام کا حصہ بنايا جائے گا۔

امريکا ميں خواتين لڑاکا طياروں ميں پائلٹس، بحريہ ميں آفيسرز، طبی اسٹاف اور انٹيليجنس آفيسروں کی حيثيت سے خدمات انجام دے رہی ہيں تاہم بری فوج ميں لڑاکا اور دشوار گزار مشنز ميں خواتين کی شموليت تاحال ممنوع رہی ہے۔