1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام مخالف حملوں میں اضافہ ہوا ہے: جرمن مسلم کونسل

عابد حسین24 جنوری 2015

جرمنی کی سینٹرل کونسل آف مسلمز کے مطابق اسلام سے خوف اور مخالفت کی بنیاد پر جرمنی میں مسلمان خواتین اور مساجد کو روزانہ کی بنیاد پر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ کونسل کے مطابق ایسے رویے مزید نفرت اور دوری کا سبب بن رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1EQ2I
تصویر: REUTERS/Hannibal Hanschke

سینٹرل کونسل آف مسلمز کے چئیرمین ایمن مازییک کا کہنا ہے کہ اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کی مقبولیت میں اضافے کے بعد مسلمانوں پر حملوں میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ پیگیڈا تحریک ہر پیر کو خاص طور مشرقی شہر ڈریسڈن میں اپنی ریلی کا اہتمام کرتی ہے۔ اُس کی سابقہ ریلی میں پچیس ہزار افراد نے شرکت کی تھی۔

جرمنی کی سینٹرل کونسل آف مسلمز کے چئیرمین ایمن مازییک کا کہنا ہے کہ خاص طور پر اسکارف پہننے والی مسلمان خواتین، مساجد پر حملوں اور مسجد کے اماموں کہ ہراساں کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعات روز کا معمول بن گئے ہیں۔ ایک آن لائن میگزین میں شائع ہونے والے ان کے مضمون میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسلام مخالف جرمن تنظیم پگیڈا نے لوگوں میں مسلمانوں کے خلاف جذبات بھڑکائے ہیں۔

Legida Demonstration in Leipzig 21.01.2015
پیگیڈا تحریک کی ایک ریلیتصویر: REUTERS/Hannibal Hanschke

کونسل کے مطابق جرمنی کے مختلف شہروں میں مسلم خواتین کو باقاعدگی سے اشتعال انگیز رویوں سے ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ اِسی تناظر میں مساجد کے اماموں نے خواتین کو ہدایت کی ہے کہ وہ پبلک ٹرانسپورٹ پر سفر کرتے ہوئے احتیاط کا مظاہرہ کریں۔ یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ پبلک ٹرانسپورٹ کی جگہ موٹر گاڑی کا استعمال ترجیحی بنیاد پر کریں۔ کونسل نے مساجد پر حملوں کے حوالے سے کہا کہ یہ تقریباً ہر ہفتے کے دوران کسی نہ کسی شہر میں کیے جا رہے ہیں۔

جمعہ، 23 جنوری کو فرنچ کونسل برائے مذہبِ اسلام نے بھی پیرس حملوں کے بعد مسلمانوں پر حملوں کے اعداد و شمار شائع کیے ہیں اور اِن میں غیر معمولی اضافے کو بیان کیا گیا ہے۔ یہاں جرمنی کے شہر فرائی بُرگ میں بیس ہزار مسلمانوں نے گزشتہ روز جرمنی میں رہنے والے غیر ملکیوں سے نفرت اور نسلی تعصب کے خلاف احتجاج کیا۔ اسی دوران جرمنی کے نائب چانسلر اور سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیڈر زیگمار گابریل کو ڈریسڈن میں منعقدہ ایک تقریب میں مدعو کیا گیا۔ اِس تقریب میں اُن کی ایک غیر اعلانیہ میٹنگ پیگیڈا موومنٹ کے اراکین سے بھی ہوئی۔ گابریل کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا حُسن یہی ہے کہ بات چیت کے ذریعے معاملات کو آگے بڑھایا جائے۔

جرمنی میں اسلام مخالف تحریک پیگیڈا کی مقبولیت اور فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں مسلمان مسلح جہادیوں کے حملوں کے بعد یورپ بھر میں اسلام مخالف جذبات و احساسات میں اضافے کا رجحان سامنے آیا ہے۔