1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی، معاملہ عدالت میں

شکور ر‌حیم، اسلام آباد28 جولائی 2014

پاکستان میں وفاقی دارالحکومت کی حفاظت کے لیے فوج طلب کرنے کا معاملہ اب سیاسی حلقوں سے نکل کر عدالت میں جا پہنچا ہے۔ اس ضمن میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے فوج کی طلبی کے فیصلے پر وفاقی حکومت سے چھ اگست تک جواب طلب کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Ckhr
تصویر: AFP/Getty Images

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس انور نے پیر کے روز فوج کی طلبی سے متعلق ایک درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالا دستی کو یقینی بنانا عدلیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار کے صدر نصیر کیانی نے وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کرنے کے حکومتی فیصلے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔

Pakistan Anschlag in Rawalpini 20.01.2014
’فوج کو ملکی آئین کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے صرف نوے دنوں کے لیے طلب کیا گیا ہے‘تصویر: Reuters

حکومتی وزراء اسلام آباد میں فوج طلب کیے جانے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس فیصلے کا مقصد عمران خان کے چودہ اگست کے لانگ مارچ یا طاہر القادری کی قیادت میں عوامی احتجاج کا راستہ روکنا نہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ شام اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوج کو ملکی آئین کے دائرہ کار کے اندر رہتے ہوئے صرف نوے دنوں کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج اسلام آباد کی حفاظت کے لیے ضلعی انتظامیہ کی مدد کرے گی۔ انہوں نے اس تاثر کو غلط قرار دیا کہ سول اور فوجی قیادت کے درمیان تعلقات اچھے نہیں تھے اور حکومت نے حزب اختلاف کے احتجاج سے خوفزدہ ہو کر فوج کو استعمال کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

چوہدری نثار نے کہا، ’’دور دور تک اللہ تعالی کی مہربانی سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نظر نہیں آتا اور سول ملٹری تعلقات کی صورتحال بہت اچھی اور مثبت ہے۔ اب تو انتہائی ضرورت ہے کہ فوجی آپریشن میں صرف سول ملٹری تعلقات کو ایک صفحے پر نہیں ہونا چاہیے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں اور تمام اداروں کو ایک ہی صفحے ہونا چاہیے۔‘‘

Chaudhry Nisar Ali Khan
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خانتصویر: picture-alliance/dpa

پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور دیگر مسلم لیگی رہنماؤں کی طرف سے عمران خان کے ساتھ رابطے سے متعلق چوہدری نثار نے کہا کہ عمران خان کو اسلام آباد میں دہشت گردی کے ممکنہ خطرے سے آگاہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے حکومت کے ساتھ لانگ مارچ نہ کرنے سے متعلق کسی بھی قسم کی ڈیل کی سختی سے تردید کی ہے۔عمران خان نے پیر کے روز شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والوں کے ساتھ ضلع بنوں میں عید الفطر مناتے ہوئے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا، ’’ الیکشن کمیشن سے، ٹریبیونل سے کوئی مدد نہیں ملی۔ پھر ان کو بار بار موقع دیا، کہا کہ جوڈیشل کمیشن بنا دو، وہ نہیں کیا۔ اب تو فیصلہ چودہ تاریخ کو ہو گا اور کوئی چیز لانگ مارچ کو نہیں روک سکتی۔ اگر یہ فوج کے پیچھے چھپنا چاہتے ہیں اپنی دھاندلی چھپانے کے لیے، یہ ناکام ہوں گے۔ فوج پاکستان کی ہے۔ ان کی کوئی ذاتی غلام یا نوکر نہیں ہے۔ فوج پاکستان کے منتخب لوگوں کے خلاف کچھ نہیں کرے گی۔‘‘

Anschlag in Pakistan Angriff nahe Armeehauptquartier in Rawalpindi 20.1.2014
اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت سے چھ اگست تک جواب طلب کر لیا ہےتصویر: Reuters

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے عمران خان اور طاہرالقادری کی جانب سے لاکھوں افراد کے ہمراہ غیر معینہ مدت تک احتجاج کرنے کے فیصلے سے گھبرا کر فوج بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار کامران شفیع کا کہنا ہے، ’’کوئی ضرورت نہیں تھی اس کے لگانے کی اس وقت، پندرہ اگست کو لگا دیتے۔ یا جیسے چوہدری صاحب اب کہتے ہیں یہ فیصلہ بہت دیر سے ہو چکا تھا، تو تب اس کا اعلان کر دیتے اور یہ کہہ دیتے کہ ابھی فیصلہ نہیں کیا۔ ہم اس کا مطالعہ کر رہے ہیں۔ لیکن ہم لگائیں گے کیونکہ ہمیں دہشت گردی کا خطرہ ہے۔ تو اس میں مس ہینڈلنگ ہوئی ہے، اچانک 245 کا اطلاق کر کے۔‘‘

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے بھی پیر کے روز عمران خان کے بیان پر رد عمل میں کہا کہ حکومت عمران خان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں مل بیٹھ کر مسائل کو حل کرنا چاہتے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی سعودی عرب سے وطن واپسی پر اہم امور پر اجلاس ہو گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید