1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ادب و ثقافت کی دنیا، مختصر مختصر

امجد علی30 جولائی 2014

عنقریب بین الاقوامی لوکارنو فلمی میلہ شروع ہو رہا ہے، ایک سو سے زائد فنکاروں نے ایک کھلے خط میں اسرائیل پر غزہ میں قتل عام کا الزام لگایا ہے اور ہالی وڈ کی نئی فلم ’لُوسی‘ نے پہلے ویک اینڈ پر سب سے زیادہ بزنس کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1CmGQ
غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی کھلا خط لکھنے والے ہسپانوی فنکاروں میں اداکارہ پینیلوپ کروز بھی شامل ہیں
غزہ پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی کھلا خط لکھنے والے ہسپانوی فنکاروں میں اداکارہ پینیلوپ کروز بھی شامل ہیںتصویر: dapd

چھ اگست سے سوئٹزرلینڈ کے شہر لوکارنو میں سڑسٹھواں بین الاقوامی لوکارنو فلمی میلہ شروع ہو رہا ہے، جو سولہ اگست تک جاری رہے گا۔ گولڈن لیپرڈ کے اعلیٰ ترین اعزاز کے لیے اس بار سترہ فلمیں مقابلے میں شامل ہوں گی۔ تریاسی سالہ عالمی شہرت یافتہ جرمن اداکار آرمن ملّر شٹاہل کو فلم کے لیے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں اعزازی گولڈن لیپرڈ سے نوازا جائے گا۔ اسی طرح اَسّی سالہ پولستانی نژاد فرانسیسی ہدایتکار رومن پولانسکی کو بھی فلم کے لیے اُن کی عمر بھر کی خدمات کے بدلے میں ایک خصوصی اعزاز سے نوازا جائے گا۔

ہسپانوی فنکاروں کا کھلا خط، غزہ میں فوری فائر بندی کا مطالبہ

حال ہی میں اسپین کے ایک سو سے زائد فنکاروں نے ایک کھلے خط میں اسرائیل پر غزہ تنازعے میں قتلِ عام کا الزام عائد کیا۔ ان فنکاروں میں ہالی وُڈ کے فلمی ستارے پینیلوپ کروز اور خاویئر بارڈم بھی شامل تھے۔ اداکاروں کے ساتھ ساتھ موسیقاروں، ادیبوں اور فلم ڈائریکٹرز نے بھی اس کھلے خط میں اسرائیل سے فوری فائر بندی کا مطالبہ کیا۔ اس خط میں، جس پر اسپین کے نامور فلم ڈائریکٹر پیدرو آلمودووار نے بھی دستخط کیے ہیں، ہسپانوی حکومت اور یورپی یونین پر زور دیا گیا کہ وہ غزہ پٹی میں شہری آبادی پر کی جانے والی بمباری کی مذمت کریں۔

اداکارہ سکارلیٹ جوہانسن، جنہوں نے فلم ’لُوسی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے
اداکارہ سکارلیٹ جوہانسن، جنہوں نے فلم ’لُوسی‘ میں مرکزی کردار ادا کیا ہےتصویر: Getty Images

فلم بین جسمانی طاقت کی بجائے دماغی طاقت کے مداح نکلے

امریکا اور کینیڈا میں گزشتہ ہفتے ہالی وُڈ ڈائریکٹر لیوک بَیساں کی ریلیز ہونے والی نئی سائنس فکشن فلم ’لُوسی‘ نے پہلے وِیک اَینڈ پر چوالیس ملین ڈالر کا ریکارڈ بزنس کیا ہے۔ صرف چالیس ملین ڈالر کی لاگت سے بننے والی اس فلم میں اداکارہ سکارلیٹ جوہانسن نے ایک ایسی خاتون کا مرکزی کردار ادا کیا ہے، جو اپنے دماغ کا ایک سو فیصدی استعمال کرتے ہوئے حیرت انگیز کارنامے سرانجام دیتی ہے۔

زیادہ کامیاب بزنس کی امید ایکشن فلم ’ہرکولیس‘ سے کی جا رہی تھی جو افتتاحی وِیک اَینڈ پر محض اُنتیس ملین ڈالر کا بزنس کر سکی۔ ایک سو ملین ڈالر کی لاگت سے بننے والی اس فلم میں ہرکولیس کا مرکزی کردار سابق ریسلر اور اداکار ڈوین جانسن نے ادا کیا ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید