1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اداکاراؤں کی برہنہ تصاویر کی چوری، ایف بی آئی متحرک

ندیم گِل2 ستمبر 2014

امریکی تفتیشی ادارے ایف بی آئی نے متعدد فنکاروں کے آن لائن اکاؤنٹس ہیک کیے جانے کے الزامات کی تفتیش شروع کر دی ہے۔ ہیکرز نے آسکر ایوارڈ یافتہ جینیفر لارنس سمیت متعدد اداکاروں کی برہنہ تصاویر بھی انٹرنیٹ پر جاری کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1D565
تصویر: ROBYN BECK/AFP/Getty Images

ایف بی آئی نے یہ نہیں بتایا کہ اداکاروں کے اکاؤنٹس ہیک کیے جانے اور ان کی برہنہ تصاویر جاری کیے جانے کے حوالے سے تفتیش کے لیے وہ کیا اقدامات کر رہی ہے۔

کمپیوٹر کمپنی ایپل کے مطابق وہ اس بات کا پتہ چلانے کی کوشش کر رہی ہے کہ برہنہ تصاویر کے حصول کے لیے کہیں اس کی آن لائن فوٹو شیئرنگ سروس تو ہیک نہیں ہوئی۔

جینیفر لارنس  تین مرتبہ آسکر ایوارڈ کے لیے نامزد ہو چکی ہیں جبکہ ’سِلور لائننگز پلے بُک‘ کے لیے وہ یہ ایوارڈ جیت بھی چکی ہیں۔ انہوں نے اتوار کو تصاویر سامنے آنے پر حکام سے رابطہ کیا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق دیگر اداکاراؤں کی برہنہ تصاویر بھی انٹرنیٹ پر پوسٹ کی گئی ہیں۔ تاہم بہت سی تصاویر کے اصلی ہونے کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ یہ پتہ نہیں چل سکا کہ تصاویر کس نے جاری کی ہیں۔

Sängerin Rihanna London November 2012
گلوکارہ ریحانا کا اکاؤنٹ بھی ہیک ہوا ہےتصویر: Getty Images

لارنس کے پبلسسٹ لِز ماہونی نے ایک بیان میں کہا ہے: ’’یہ پرائیویسی کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ حکام سے رابطہ کیا گیا ہے اور جس کسی نے بھی جینیفر لارنس کی چوری شدہ تصاویر پوسٹ کی ہیں اس کے خلاف مقدمہ قائم کیا جائے گا۔‘‘

ایف بی آئی کے مطابق وہ کمپیوٹرز تک غیرقانونی رسائی اور معروف ہستیوں سے متعلقہ مواد کے غیرقانونی اجراء سے متعلق الزامات سے آگاہ ہے اور معاملے کی جانچ کی جا رہی ہے۔

اس تفتیشی ادارے کی ترجمان لارا ایمیلیر نے ایک بیان میں کہا: ’’اس وقت کوئی بھی مزید بیان غیرمناسب ہو گا۔‘‘

 ایپل کی ترجمان نیتالی کیریس نے کہا ہے کہ آئی کلاؤڈ کے اکاؤنٹس تک غیرقانونی رسائی کی کسی کوشش کا پتہ چلانے کے لیے تفتیش کی جارہی ہے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید معلومات نہیں دیں۔

انہوں نے کہا: ’’پرائیویسی ہمارے لیے ایک انتہائی سنجیدہ معاملہ ہے اور ہم اس رپورٹ کی سرگرمی سے تفتیش کر رہے ہیں۔‘‘

اداکارہ میری الزبتھ وِنسٹیڈ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ان کی برہنہ تصاویر بھی انٹرنیٹ پر جاری کی گئی ہیں۔

انہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا ہے: ’’میں نے یہ تصاویر سالوں پہلے اپنے گھر کی چار دیواری میں اپنے شوہر کے ساتھ بنائی تھیں، اور آپ میں سے جو ان تصاویر کو دیکھ رہے ہیں مجھے اُمید ہے کہ آپ اپنا سامنا کر پا رہے ہیں۔‘‘

وِنسٹیڈ ’فائنل ڈیسٹینیشن تھری‘ اور ’ابراہم لنکن: ویمپائر ہنٹر‘ میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے سوچا تھا کہ تصاویر ضائع ہو چکی ہیں۔