1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسکر پسٹوریئس کے لیے پانچ برس قید کی سزا

عاطف توقیر21 اکتوبر 2014

عالمی شہرت یافتہ جنوبی افریقی ایتھلیٹ آسکر پسٹوریئس کو ایک مقامی عدالت نے اپنی گرل فرینڈ ریوا اسٹین کیمپ کے قتل کے الزام میں پانچ برس قید کی سزا کا حکم سنا دیا ہے، جس کے بعد انہیں جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DZGx
تصویر: Reuters/A. Skuy

منگل کے روز جنوبی افریقہ کی ایک عدالت نے انہیں سزا کا یہ حکم سنایا۔ اپنے حکم نامے میں جج ٹوکوزائل ماسیپا نے کہا کہ اس مقدمے میں سامنے آنے والے حقائق کے مطابق ملزم نے بیت الخلا میں موجود اپنی گرل فرینڈ کو درانداز سمجھ کر متعدد بار گولیوں کا نشانہ بنانے کے دوران ’بڑے پیمانے پر غفلت‘ کا مظاہرہ کیا۔

منگل کے روز اپنے مقدمے کا فیصلہ سنتے ہوئے پسٹوریئس کا چہرہ ’سپاٹ‘ دکھائی دیا اور انہوں نے خاموشی سے کھڑے ہو کر یہ فیصلہ سنا۔ وہ اس مقدمے کی کارروائی کے دوران متعدد مرتبہ اشک بار دکھائی دیئے تھے۔

عدالتی حکم نامے کے ساتھ ہی ان کی قید کی سزا کا آغاز ہو گیا ہے کہ عدالت سے انہیں ایک سیاہ شیشوں والی گاڑی میں بٹھا کر جیل خانے منتقل کر دیا گیا۔

Oscar Pistorius Urteil 21.10.2014
تصویر: Reuters/Herman Verwey

ماہرین قانون کے مطابق جیل میں دس ماہ گزارنے کے بعد پسٹوریئس باقی سزا اپنے گھر میں نظر بند ہو کر گزار سکتے ہیں۔

سزا سنائے جانے کے موقع پر ماڈل اور پسٹوریئس کی مقتولہ گرل فرینڈ اسٹین کمپ کے اہل خانے بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ اس خاندان کی جانب سے رواں برس جون میں کہا گیا تھا کہ ’انصاف ہو چکا ہے۔‘

اسٹین کمپ کی ایک قریبی دوست جینا مائیرز نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس سے بات چیت میں کہا، ’مجھے نہیں لگتا کہ ہم میں سے کوئی بھی اس دکھ سے جلدی باہر آ سکتا ہے۔۔۔ بہت سے سوالات ہیں، جو ہمیشہ رہیں گے۔‘

سزا سنائے جانے کے بعد ملزم کے ایک قریبی رشتہ دار آرنلڈ پسٹوریئس نے کہا، ’آسکر اس موقع کا فائدہ اٹھائیں گے اور معاشرے کا قرض چکائیں گے۔‘

انہوں نے پچھلے بیس ماہ پر محیط اس مقدمے کے دوران ’پبلک ٹرائل‘ کا ذکر کرتے ہوئے صحافیوں سے اپیل کی کہ اہل خانہ کی پرائیوسی کا خیال رکھیں۔

انہوں نے استغاثہ پر الزام عائد کیا کہ اس نے جان بوجھ کر اس واقعے کو سوچے سمجھے قتل کر رنگ دینے کی کوشش کی تاکہ زیادہ سے زیادہ نقصان پہنچایا جا سکے۔