1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن: سیرینا ولیمز فاتح

عابد حسین31 جنوری 2015

گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ آسٹریلین اوپن میں ویمن سنگلز چیمپیئن شپ امریکا کی اسٹار کھلاڑی سیرینا ولیمز نے جیت لی ہے۔ انہوں نے روس کی ماریا شاراپووا کو فائنل میچ میں ہرایا۔ مردوں کی چیمپیئن شپ کا فائنل کل اتوار کو ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1ETnF
سیرینا ولیمز فائنل میچ جیتنے کے بعدتصویر: Getty Images/I. Kato

سیرینا ولیمز نے ماریا شاراپووا کو دو سیٹ کے میچ میں ہرا کر آسٹریلین اوپن کا اعزاز اپنے نام کیا۔ یہ اُن کا انیسواں گرینڈ سلیم ٹائنل ہے۔ وہ چھٹی مرتبہ آسٹریلین اوپن جیتنے میں کامیاب رہی ہیں۔ دوسرے سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا۔ آج کی کامیابیوں کے بعد یہ طے ہے کہ پیر کے روز خواتین کی جاری ہونے والی رینکنگ میں سیرینا ولیمز بدستور پہلی اور ماریا شاراپووا اپنی دوسری پوزیشن پر ہی براجمان رہیں گی۔ یہ ضرور ہو گا کہ سیرینا اور شاراپووا کے درمیان پہلی اور دوسری پوزیشن کے پوائنٹس کا فرق مزید وسیع ہو جائے گا۔

ماریا شاراپووا اور سیرینا ولیمز کے درمیان پہلا سیٹ خاصا جاندار رہا۔ دونوں کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو زیر کرنے کے لیے ابتدائی گیمز میں کامیابی بھی حاصل کی لیکن سیٹ جوں جوں آگے بڑھتا گیا، امریکی کھلاڑی میچ پر اپنی گرفت مضبوط کرتی گئیں۔ ولیمز نے پہلے سیٹ کے صرف تین گیمز میں شکست کھائی۔ مجموعی طور پر اپنی زوردار سروس اور بال کو مناسب انداز میں حریف کھلاڑی کے کورٹ میں پھینک کر عالمی نمبر ایک نے ایک مرتبہ پھر اپنے ورلڈ کلاس کھلاڑی ہونے کا ثبوت دیا۔ پہلے سیٹ کا دورانیہ 47 منٹ رہا۔

Tennis Australian Open 2015 Maria Sharapova
ماریا شاراپووا فائنل میچ میچ میںتصویر: picture-alliance/dpa/J. Castro

ماریا شاراپووا کے کھیل کا ایک خاص پہلو یہ ہے کہ وہ میچ کا پہلا سیٹ ہار جائیں تو دل نہیں ہارتیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھتی ہیں۔ ہفتے کے فائنل میں بظاہر ایسا ہی دکھائی دیا۔ انہوں نے جیت کے لیے سخت مقابلہ کیا اور اِس طرح میچ کو یک طرفہ ہونے سے بچا لیا۔ روسی کھلاڑی نے سیرینا ولیمز کی زوردار سروس اور پاور فل ریٹرن کو اعتماد سے سنبھالا۔ سیٹ میں شاراپووا نے چھ چھ گیمز برابر کر کے اِسے طوالت دے دی تھی۔ اِس سیٹ کا فیصلہ ٹائی بریک پر ہوا تاہم کامیابی امریکی کھلاڑی کے حصے میں آئی۔ ٹائی بریک میں جو کھلاڑی دو پوائنٹ کے فرق سے پہلے سات پوائنٹ جیت لیتا ہے، وہ جیت کا حقدار ہوتا ہے۔ دوسرا سیٹ ایک گھنٹے سے زائد جاری رہا۔

کل اتوار کے روز سربیا کے نوواک جوکووچ اور برطانیہ کے اینڈی مرے کے درمیان مردوں کی سنگلز چیمپیئن شپ کا فائنل میچ کھیلا جائے گا اور اُسی کے ساتھ ہی آسٹریلین اوپن گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کا اختتام ہو جائے گا۔ جوکووچ کی عالمی درجہ بندی میں پوزیشن پہلی ہے اور اسکاٹش کھلاڑی کا مقام چوتھا ہے۔ سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک نے سوئٹزرلینڈ کے دفاعی چیمپیئن واورینکا کو ایک لمبے میچ میں شکست دی تھی۔ اینڈی مرے نے چیک جمہوریہ کے ٹوماس بردیخ کو سیمی فائنل میں ہرایا تھا۔ آسٹریلین اوپن میں جوکووچ پانچویں مرتبہ فائنل میچ کھیلیں گے جب کہ مرے کو چوتھی مرتبہ فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔