1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریا: قرآن کا جرمن زبان ميں ترجمے کا منصوبہ

عاصم سليم21 ستمبر 2014

يورپی ملک آسٹريا کی حکومت مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کا جرمن زبان ميں ترجمہ کرانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس منصوبے کا مقصد شدت پسندوں کو قرآن کی آيات کے ’غلط استعمال‘ سے روکنا بتایا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1DGLN
تصویر: DW/A. Almakhlafi

آسٹريا کے وزير خارجہ سباستيان کُرز نے ہفتہ بيس ستمبر کے روز اعلان کيا کہ ان کی حکومت پارلیمان میں ايک بل پيش کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے ذريعے مسلمانوں کی دينی کتاب قرآن کا جرمن زبان ميں ترجمہ کرايا جائے گا۔ انہوں نے مزيد کہا دہشت گرد عناصر اور ان سے ہمدردی رکھنے والے قرآن کی بعض آيات کا غلط مفہوم نکالتے ہيں، جس کا نقصان تمام مسلمانوں کو پہنچ رہا ہے۔

آسٹريا کے وزير خارجہ سباستيان کُرز
آسٹريا کے وزير خارجہ سباستيان کُرزتصویر: picture alliance/dpa

وزير خارجہ اور ملک ميں انضمام سے متعلق پاليسی کے نگران سباستيان کُرز نے ايک مقامی ريڈيو اسٹيشن Oe1 پر گزشتہ روز اپنی بات چيت کے دوران بتايا کہ ترجمے کا کام آسٹريا کی ’اسلامک ريليجیس کميونٹی‘ ہی سر انجام دے گی۔ يہ اقدام آسٹريا ميں 1912ء سے نافذالعمل اسلام سے متعلق قانون ميں ترميم سے متعلق ايک بل کا حصہ ہو گا۔ کُرز نے کہا ہے کہ وہ اس بل کی منظوری کے ليے سخت کوشش کريں گے۔

آسٹريا ميں مسلمان برادری کی ترجمان کارلا امينہ بغاجاتی نے اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید کے ايک درست ورژن کا تعين کرنا کافی دشوار ہو گا کيونکہ عربی الفاظ کے متعدد معنی نکلتے ہيں۔ تاہم انہوں نے مزيد کہا کہ اس معاملے پر کام کرنا ان کے ادارے کے مفاد ميں ہے۔ انہوں نے يہ بات آسٹريا کی پريس ايجنسی کو گزشتہ روز ديے گئے ايک انٹرويو ميں کہی۔

يہ امر اہم ہے کہ يورپی ملک آسٹريا ميں قريب پانچ لاکھ مسلمان آباد ہيں۔ وزير خارجہ سباستيان کُرز نے بتايا کہ آسٹريا سے قريب 140 مسلمان شام اور عراق ميں جاری شدت پسند تحريک کا حصہ بن چکے ہيں۔ آسٹريا ميں اسی ہفتے ويانا حکومت نے ايک منصوبہ ترتيب ديا تھا، جس ميں شام اور عراق ميں سرگرم شدت پسند تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ سے نمٹنے کے ليے حکمت عمل تجويز کی گئی۔ اس منصوبے ميں اسلامک اسٹيٹ کے نشانات پر پابندی، کم عمر آسٹرين شہريوں کے ليے يورپی يونين سے باہر سفر کرنے کے ليے سخت تر قوانين اور شدت پسند کارروائیوں کا حصہ بننے والے آسٹرين شہريوں کی شہريت معطل کرنے جيسی تجاويز شامل ہيں۔