1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آخر پاکستان جیت ہی گیا

افسر اعوان1 مارچ 2015

پاکستان نےکرکٹ ورلڈ کپ 2015ء کے گروپ میچ میں زمبابوے کو 20 رنز سے شکست دے دی ہے۔ یہ پہلا گروپ میچ ہے جس میں پاکستانی کرکٹ ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EjQv
تصویر: Morne de Klerk/Getty Images

برسبین کے کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گئے گروپ بی کے اس میچ میں پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ تاہم پاکستانی اننگز کا آغاز اس بار بھی کچھ زیادہ بہتر ثابت نہ ہوا اور دونوں اوپنرز محض ایک رنز بنا پائے۔ احمد شہزاد اس میچ میں بھی بغیر کوئی رنز بنائے پویلین سدھارے جبکہ ناصر جمشید محض ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستانی ٹیم اس وقت انتہائی مشکلات کا شکار نظر آئی جب محض چار رنز پر پہلے دونوں اوپنرز آؤٹ ہو کر واپس جا چکے تھے۔

تاہم پھر نمبر تین پر بیٹنگ کے لیے آنے والے حارث سہیل اور کپتان مصباح الحق نے پاکستانی اننگز کو سہارا دیا اور جب حارث سہیل 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا مجموعی اسکور 58 تک پہنچ چکا تھا۔ پاکستان کی جانب سے نمایاں ترین بیٹمسین کپتان مصباح الحق ہی رہے جنہوں نے 73 رنز بنائے۔

عمر اکمل نے وکٹ کے پیچھے پانچ کیچ بھی لیے اور انہوں نے 33 رنز بھی اسکور کیے
عمر اکمل نے وکٹ کے پیچھے پانچ کیچ بھی لیے اور انہوں نے 33 رنز بھی اسکور کیےتصویر: AFP/Getty Images/W. West

وہاب ریاض نے 54 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عمر اکمل نے 33 اور شعیب مقصود نے 21 رنز بنائے۔ اس طرح مقررہ 50 اوورز میں پاکستانی ٹیم نے 235 رنز بنائے اور زمبابوے کو جیت کے لیے 236 رنز کا ہدف دیا۔

زمبابوے کی ٹیم بھی ابتداء میں مشکلات کا شکار ہو گئی جب 22 کے مجموعی اسکور پر اس کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہو چکے تھے۔ تاہم پھر زمبابوے کے مڈل آرڈر بیٹسمینوں نے اپنی اننگز کو بتدریج بہتر بنانا شروع کر دیا۔ تاہم پاکستانی بالرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کر کے بالآخر یہ جیت اپنے نام کر لی۔ زمبابوے کی پوری ٹیم 49.4 اوورز میں 215 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

پاکستان کی جانب سے کامیاب ترین بالر محمد عرفان رہے جنہوں نے اپنے 10 اوورز میں 30 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔ وہاب ریاض نے بھی چار وکٹیں حاصل کیں مگر انہوں نے 45 رنز دیے۔ جبکہ ایک وکٹ راحت علی کے حصے میں آئی۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کی اس پہلی کامیابی کے بعد پاکستان کے لیے اس بات کی کچھ امید پیدا ہوئی ہے کہ یہ اگلے مرحلے تک پہنچ سکے گی۔ پاکستان اب اپنا اگلا میچ متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا جو چار مارچ کو کھیلا جائے گا۔