1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرائن میں کشیدگی میں کمی کے لیے روس ٹھوس اقدامات کرے، امریکا

عاطف توقیر22 اپریل 2014

امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یوکرائن میں جاری کشیدگی میں کمی کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور جنیوا میں طے پانے والے معاہدے کا پاس کرے۔

https://p.dw.com/p/1Blpr
تصویر: DW/A. Sawitzkiy

گزشتہ ہفتے جیوا میں طے پانے والے معاہدے میں یوکرائن میں تمام غیرقانونی مسلح گروہوں سے کہا گیا تھا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں اور سرکاری عمارات پر قبضہ ختم کریں۔ اس بحران کو سردجنگ کے بعد واشنگٹن اور ماسکو کے درمیان سب سے تلخ صورتحال قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم کییف اور ماسکو حکومتیں ایک دوسرے پر اس معاہدے پر عمل درآمد نہ کرنے کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے پیر کے روز بتایا کہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر بات چیت میں زور دیا کہ ماسکو حکومت عوامی سطح پر یوکرائن میں سرگرم علیحدگی پسندوں سے کہے کہ وہ سرکاری عمارتوں اور سکیورٹی چیک پوسٹوں پر اپنا قبضہ ختم کریں۔ کیری نے لاوروف سے یہ بھی کہا کہ ماسکو مشرقی یوکرائن میں روس نواز علیحدگی پسندوں پر زور دے کہ وہ کییف حکومت کی جانب سے عام معافی کے اعلان کو قبول کریں اور اپنے مسائل کا حل سیاسی طور پر نکالیں۔

Krise in der Ostukraine
مشرقی یوکرائن میں متعدد سرکاری عمارتیں علیحدگی پسندوں کے کنٹرول میں ہیںتصویر: DW/A. Sawitzkiy

جین ساکی کا مزید کہنا تھا کہ جان کیری نے لاوروف سے کہا کہ ماسکو حکومت یورپ میں سلامتی اور تعاون کی تنظیم OSCE کے یوکرائن مشن کے لیے کوئی اعلیٰ سفارت کار تعینات کرے، تاکہ علیحدگی پسندوں پر واضح ہو کہ روس جنیوا معاہدے کا احترام کرتا ہے اور کشیدگی میں کمی چاہتا ہے۔

’’کیری نے روس سے یہ بھی کہا کہ مشرقی یوکرائن میں صحافیوں اور عام شہریوں کو یرغمال بنائے جانے کی مذمت کی جانا چاہیے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق امریکی صدر باراک اوباما نے خبردار کیا ہے کہ اگر ماسکو حکومت نے جنیوا معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا، تو امریکا روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ خیال رہے کہ امریکا اور یورپی یونین نے روسی صدر پوٹن کے چند قریبی رفقاء کے خلاف پہلے ہی پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جے کارنی نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس نے اگلے چند روز میں جنیوا معاہدے پر عمل درآمد نہ کیا، تو روس کو مزید قیمت ادا کرنا پڑے گی، تاہم کارنی نے اس سلسلے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں کہ آیا امریکا ایسی صورت میں روس کے خلاف کیا اقدامات کرنے والا ہے۔