1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین کا سربراہ اجلاس آج جمعرات سے

عابد حسین19 دسمبر 2013

یورپی یونین کے آج جمعرات کے روز سے شروع ہونے والے سربراہ اجلاس سے قبل یورپی اقوام کے رابطوں میں مزید استحکام کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے اور وہ بینکنگ یونین کا قیام ہے۔

https://p.dw.com/p/1AcXu
تصویر: picture-alliance/dpa

برسلز ميں يورپی يونين کے وزرائے خزانہ کے بدھ کے روز ہونے والے اجلاس ميں بلاک کے ليے مشترکہ بينکنگ يونين کے قيام کے حوالے سے اتفاق رائے کرتے ہوئے ڈیل کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔'سنگل ريزولُوشن مکينيزم‘ (SRM) کہلائے جانے والے اس نظام کے تحت يورو زون کے مالی مشکلات کے شکار بينکوں کی يا تو مالی معاونت کی جائے گی يا انہيں ختم کر ديا جائے گا تاکہ ان کے قرضوں کا مالی بوجھ حکومتوں پر نہ پڑے۔ اب اگلے مرحلے ميں اس سمجھوتے کی توثیق یورپی لیڈران اپنے اجلاس میں کریں گے اور ہو سکتا ہے کہ یہ عمل آج سے شروع ہونے والے اجلاس میں مکمل کر لیا جائے۔

بینکنگ یونین پر پیدا ہونے والے اتفاق رائے کو یورپی ماہرین اقتصادیات و معاشیات نے ایک تاریخی اسٹیپ قرار دیا ہے اور اُن کے مطابق یہ معاشی عمل میں استحکام کا باعث ہو گا۔ برسلز میں ڈیل کے بعد فرانسیسی وزیر خزانہ پیئر ماسکویسی نے اسے ایک تاریخی معاہدہ قرار دیتے ہوئے یورپی یونین کے لیے انتہائی اہم قرار دیا۔ جرمن وزیر خزانہ وولف گانگ شوئبلے کا کہنا تھا کہ بیکنگ یونین کی ڈیل مشترکہ یورپی کرنسی کو کامیابی سے مستحکم کرنے اور مالیاتی منڈیوں میں اِس امر کی یقین دہانی کروانے کی جانب ایک اہم قدم ہے کیونکہ یورپی کرنسی اپنے پیچیدہ ڈھانچے کے باوجود بظاہرکام کر رہی ہے لیکن استحکام اور دوسرے مقاصد کے لیے بینکنگ یونین کی ضرورت ہے۔

EU Herman Van Rompuy
یورپی یونین کونسل کے سربراہ ہرمین فان رومپوئےتصویر: picture-alliance/dpa

مبصرین کے خیال میں یورو زون کی ریاستوں میں پائے جانے والے مالی بحران اور بینکاری نظام کی زبُوں حالی نے بینکنگ یونین کے قیام کی راہ کو ہموار کیا ہے۔ اِس مناسبت سے آئر لینڈ اور اسپین کے مالی بحرانوں میں بینکوں کے کمزور کردار کو خصوصیت سے دیکھا اور پرکھا گیا تھا۔ بینکنگ یونین کے طے پانے والے معاہدے کے توثیقی عمل کی تکمیل کے بعد یورو زون کی تمام ریاستیں اِس ڈیل پر عمل پیرا ہونے کی پابند ہوں گی جب کہ یورپی یونین کے وہ رکن ریاستیں جو یورو کرنسی گروپ میں شامل نہیں وہ چاہیں تو بینکنگ یونین کا حصہ بن سکیں گی۔

اقتصادی مسائل کے ساتھ ساتھ یورپی یونین کی دو روزہ سمٹ میں دفاعی معاملات پر بھی گفتگو کی جائے گی۔ یورپی یونین کے ذرائع کے مطابق اٹھائیس رکنی بلاک کے لیڈران یوکرائن میں تین چار ہفتوں سے یانوکووچ حکومت کے خلاف مظاہرہ کرنے والوں کے ساتھ ہمدردی اور اظہار یک جہتی کا پیغام ارسال کر سکتی ہے۔ سمٹ کے اجلاسوں میں شام کے بحران اور وسطی افریقی جمہوریہ میں افراتفری اور فرانسیسی فوجی کارروائی کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔