1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ، گروسری سامان کی آن لائن خریداری میں اضافہ

عاطف بلوچ28 اکتوبر 2013

خوراک اور اشیائے صرف پر نظر رکھنے والے ایک یورپی ادارے نے کہا ہے کہ پانچ اہم ممالک میں کریانے کے سامان کی آن لائن فروخت 2016ء تک تقریباﹰ دو گنا ہو جائے گی۔

https://p.dw.com/p/1A7ML
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے روئٹرز نے صارفین کے ریسرچ گروپ IGD کے حوالے سے بتایا ہے کہ برطانیہ، فرانس، جرمنی، سوئٹزرلینڈ اور ہالینڈ میں گروسری سامان کی آن لائن خرید میں روز افزوں اضافہ ہو رہا ہے اور آئندہ تین سالوں کے دوران صارفین کے روزمرہ استعمال کی اشیاء کی آن لائن طلب میں دوگنا اضافہ ہونے کی قوی توقع ہے۔

تحقیقی گروپ ’آئی ڈی جی‘ کے تخمینوں کے مطابق 2016ء میں صرف برطانیہ میں کریانے کے سامان کی آن لائن فروخت 13.7بلین یورو تک پہنچ جائے گی۔ 2012ء کے مقابلے میں برطانیہ میں ایسی خریداری میں 7.1 بلین یورو کے اضافے کا اندازہ لگایا گیا ہے۔ فرانس میں گزشتہ برس گروسری سامان کی آن لائن فروخت تقریباﹰ پانچ ملین یورو تھی، جو 2016ء تک 10.6ملین یورو ہو جانے کی توقع ہے۔

آئی جی ڈی کی چیف ایگزیکٹیو ’یوآن ڈینی فنچ‘ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’یورپ بھر میں خوراک اور اشیائے صرف کی آن لائن خریداری میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ ٹیکنالوجی کی بدولت لوگوں کے خریداری کے بنیادی طریقے بدل رہے ہیں۔‘‘

Symbolbild Onlineshopping
گروسری سامان کی آن لائن خرید میں بھی روز افزوں اضافہ ہو رہا ہےتصویر: picture alliance/Bildagentur-online

خوراک کی مختلف مصنوعات کی آن لائن فروخت کا سلسلہ برطانیہ سے شروع ہوا تھا، جہاں یہ بزنس سالانہ بنیادوں سولہ فیصد کی شرح سے پھل پھول رہا ہے۔ تاہم وہاں زیادہ جلدی خراب نہ ہونے والی خوراک کی آن لائن فروخت کے مقابلے میں ’فروزن فوڈُ‘ یا جمی ہوئی تازہ خوراک کی ڈیلیوری کا معاملہ زیادہ پیچیدہ اور مہنگا ہے۔

آن لائن خرید و فروخت کی ویب سائٹ ایمازون نے بھی کریانے کے سامان کے بزنس کے حوالے سے ابھی تک کوئی خاص اقدامات نہیں اٹھائے ہیں تاہم اب اس امریکی ویب سائٹ اسٹور نے 2014ء کے دوران اپنا بزنس بیس بڑے شہری علاقوں تک پھیلانے کے حوالے سے تیاری شروع کر دی ہے۔ ایمازون کے بقول وہ کریانے کے حوالے سے اپنے اس بزنس کو امریکا سے باہر بھی وسعت دے سکتا ہے تاہم ابھی تک واضح نہیں وہ کن ممالک میں نیا آغاز کرنے کا خواہاں ہے۔

برطانیہ کے معروف آن لائن گروسری اسٹور Ocado نے رواں ماہ ہی اعلان کیا تھا کہ وہ مختلف ریٹیلرز کے ساتھ مل کر اس بزنس کو بڑھانے کا خواہاں ہے۔ آئی جی ڈی کے مطابق جرمنی جہاں ’لیڈل‘ اور ’آلڈی‘ نامی بڑے اسٹورز نے اگرچہ ابھی تک آن لائن بزنس کو مکمل طور پر شروع نہیں کیا ہے، وہاں بھی تین برسوں تک کریانے کا آن لائن بزنس 2.5 ملین یورو تک پہنچ جائے گا۔ 2012ء میں ان دونوں اسٹورز کے ایسے بزنس کا حجم 1.1 ملین یورو ریکارڈ کیا گیا تھا۔

IGD کے مطابق آئندہ تین برسوں کے دوران ڈچ مارکیٹ میں آن لائن خریداری کے حوالے سے 0.6 ملین یورو سے 1.6 ملین یورو جب کہ سوئس آن لائن گروسری سیلز میں 0.7 ملین یورو سے 1.1 ملین یورو کی چھلانگ دیکھی جا سکتی ہے۔