1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمن میں امن کے لیے ایرانی تجویز، سعودی عرب کی سرد مہری

عدنان اسحاق14 اپریل 2015

ایران نے یمن میں جاری بدامنی کو روکنے کے لیے ایک امن منصوبہ تجویز کیا ہے۔ اس دوران تہران حکام نے سعودی عرب کی سربراہی میں جاری فضائی کارروائیوں کو بھی فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1F7sz
تصویر: Reuters/A. Comas

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں یمن کے لیے یہ امن منصوبہ تجویز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے میں یمن میں فائربندی، انسانی بنیادوں پر امداد کے علاوہ یمنی تنازعے کے فریقین کے مابین بات چیت اور ایک نمائندہ حکومت کا قیام بھی شامل ہے۔ ایک پریس کانفرنس میں ظریف کا مزید کہنا تھا، ’’یہ مسئلہ یمنیوں کو خود حل کرنا چاہیے۔ ایران اور سعودی عرب ایک دوسرے سے بات تو کر سکتے ہیں لیکن ان دونوں ملکوں کو یمن کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں۔‘‘

ایرانی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فضائی کارروائیاں اور حوثیوں پر بمباری مسئلے کا حل نہیں ہے۔ ’’ تمام زمینی اور فضائی حملوں کو فوری طور پر روکا جانا چاہیے‘‘۔ اس سے قبل جواد ظریف یمن کے لیے ایک نئی حکومت اور اس معاملے میں تعاون کرنے کی پیشکش کر چکے ہیں۔

ایران کی جانب سے امن قائم کرنے کی یہ تجویز ریاض حکومت کو خوش نہیں کر سکے گی کیونکہ سعودی حکومت پہلے ہی کہہ چکی ہے کہ وہ منصور ہادی اور ان کی حکومت کو ہر حال میں حوثی باغیوں سے محفوظ رکھے گی۔ جلا وطنی اختیار کر جانے والے یمنی صدر ہادی کے حامی دستوں نے دعوٰی کیا ہے کہ وہ ملک کے جنوب میں واقع کئی علاقوں سے حوثی باغیوں کو پسپا کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ان کے مطابق انہیں عدن میں بھی کچھ کامیابیاں ملی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شدید لڑائی کے بعد حوثی باغی عدن کے اُس علاقے سے باہر نکل گئے ہیں، جہاں سفارت خانے اور بین الاقوامی ہوائی اڈہ موجود ہے۔

Jemen Luftschläge auf Sanaa
تصویر: Reuters/K. Abdullah

سعودی عرب اور اُس کے سنی اتحادیوں نے 25 مارچ سے عدن کو حوثی باغیوں سے آزاد کرانے کے لیے بمباری شروع کی تھی۔ شیعہ حوثی باغیوں سے گزشتہ برس ستمبر سے یمنی دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کیا ہوا ہے۔ اس کے بعد حوثی باغیوں نے صدر ہادی کو بھی ان کے صدارتی محل سے بے دخل کر دیا۔ بعد ازاں فروری میں وہ عدن چلے گئے تھے تاہم گزشتہ ماہ سے وہ ریاض میں مقیم ہیں۔