1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گینڈوں کو بچانے والے موت کے منہ میں

31 مارچ 2013

جنوبی افریقہ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے کے نتیجے میں پانچ فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ یہ ہیلی کاپٹر گینڈے کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے ’آپریشن رائنو‘ نامی پروگرام کے تحت معمول کے فضائی گشت پر تھا۔

https://p.dw.com/p/187T3
تصویر: AP

یہ حادثہ اتوار کے روز اس وقت پیش آیا جب یہ فوجی اہلکار ’کروگر نیشل پارک ‘میں گینڈوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کو تلا ش کر رہے تھے۔ جنوبی افریقہ میں گینڈے کا غیر قانونی شکار عام ہے۔ ان کے سینگ ایشیا میں بہت مہنگے داموں فروخت کیے جاتے ہیں جہاں انھیں طبی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ حادثے کے وجوہات جاننے کے لیے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

کروگر پارک موزمبیق کی سرحد کے قریب واقع ہے اور یہاں جنوبی افریقہ کےگینڈوں کی دو تہائی نسل آباد ہے۔ یہ پارک 7576.7مربع میل پر محیط ہے۔

جنوبی افریقہ کے حکام کی جانب سے جاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ برس 588 گینڈوں کو غیر قانونی طور پر ہلاک کیا گیا۔ یاد رہے کہ 2007ء میں جاری کیے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق جنوبی افریقہ میں 13 گینڈوں کو ہلاک کیا گیا تھا۔ لیکن 2013 کے آغاز سے اب تک 188 گینڈے مارے جا چکے ہیں۔ایک اندازے کےمطابق جنوبی افریقہ میں 18000 سفید اور 1700 کالے گینڈے پائے جاتے ہیں۔

گینڈے کے سینگ کی مشرق وسطیٰ اور ایشیا میں بہت مانگ ہے جہاں اسے روایتی ادویات میں استعمال کیا جاتا ہے اور اس وجہ سے اس کے سینگ کی قیمت زیادہ ہوتی ہے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں گینڈے کے سینگ انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔

Indische Panzernashörner
سن 2013 کے آغاز سے اب تک 188 گینڈے مارے جا چکے ہیںتصویر: AP

حال ہی میں تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں انواع کے تحفظ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی کانفرنس منعقد ہوئی، جس میں دیگر امور کے ساتھ ساتھ گینڈوں کے سینگوں کی تجارت کو محدود بنانے کے اقدامات پر بھی اتفاقِ رائے کیا گیا۔

افریقہ کے گینڈے بقا کے خطرے سے دوچار انواع میں شمار ہوتے ہیں کیونکہ اب اِن کی مجموعی تعداد صرف 25 ہزار رہ گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اِن کی تجارت پر پابندی عائد ہے۔ دوسری جانب اسی وجہ سے گینڈے کے سینگوں کی غیر قانونی تجارت بھی زوروں پر پہنچ گئی ہے، خاص طور پر جنوبی افریقہ میں، جہاں یہ جانور سب سے زیادہ پایا جاتا ہے۔

zb/ng(AFP,AP)