1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گدھی اور زیبرے کا پیار : زونکی

امتیاز احمد14 نومبر 2013

فارم ہاؤس کے مالکان کے مطابق وہ بالکل ہی بے خبر تھے کہ مارٹن اپنی ہمسائی گائیڈا کی محبت کا اسیر ہو چکا ہے۔ ان پر تو اس محبت کا راز اس وقت فاش ہوا، جب بارہ ماہ بعد زونکی کی پیدائش ہوئی۔

https://p.dw.com/p/1AHVt
تصویر: Getty Images/Afp/Tiziana Fabi

اس محبت بھری کہانی میں دو کردار ہیں، زیبرے کا نام مارٹن اور اس کی ہمسفر گدھی کا نام گائیڈا ہے۔ ان دونوں ( زیبرا اور ڈونکی) کی محبت کے بعد ان کے ہاں ایک نئی قسم کا جانور زونکی پیدا ہوا ہے، جسے دیکھنے کے لیے لوگوں کا تانتا بندھا ہوا ہے۔

اٹلی کے رومانوی شہر فلورنس میں پیدا ہونے والے اس زونکی کا نام ایپو رکھا گیا ہے اور وہ راتوں رات سٹار بن چکا ہے۔ فلم ساز کمپنی ڈزنی اور ایک کھلونے بنانے والی کمپنی نے تو اس کی تصاویر کے حقوق خریدنے کی درخواست بھی دے دی ہے۔ ڈزنی ادارہ زونکی کے نام سے ایک کارٹون فلم یا سیریز بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

Der Zesel Ippo im florentiner Zoo
تصویر: Getty Images/Afp/Tiziana Fabi

زونکی کی پیدائش ایک ایسے فارم ہاؤس میں ہوئی ہے، جہاں لاوارث اور تشدد زدہ جانوروں کو لایا جاتا ہے۔ یہ فارم ہاؤس یا جانوروں کا یتیم خانہ چلانے والے کی بیٹی سرینا اگلیٹی کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ ایک زیبرے اور گدھی کا ملاپ ہونا ہی ایک عجوبہ ہے، یہ ایک خاص واقعہ ہے۔‘‘

اس فارم ہاؤس میں اونٹ، لامہ اور ویتنامی سور کے علاوہ ایسے 170 جانور رہتے ہیں، جنہیں سرینا اور اس کے خاندان کے لوگ سرکس یا ایسی جگہوں سے چھڑا کر لائے ہیں، جہاں ان پر تشدد کیا جاتا تھا۔

Der Zesel Ippo im florentiner Zoo
تصویر: Getty Images/Afp/Tiziana Fabi

شرارتی زونکی

سرینا اگلیٹی کا کہنا تھا کہ وہ اس سے بالکل بے خبر تھے کہ مارٹن اپنی ہمسائی گائیڈا کی محبت کا اسیر ہو چکا ہے۔ ان پر تو اس محبت کا راز اس وقت فاش ہوا، جب بارہ ماہ بعد زونکی کی پیدائش ہوئی۔

مارٹن نام کے زیبرے کو ایک چڑیا گھر سے چھڑایا گیا تھا، جہاں اس کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا تھا۔ سرینا اگلیٹی بتاتی ہیں، ’’ہم زونکی کی پیدائش کے وقت موجود تھے۔ پہلے سیاہ کھر باہر آیا اور اس کے بعد دھاریوں والے پاؤں۔ ہم سبھی حیران تھے۔‘‘

اگلیٹی کے مطابق ایپو کی صحت اچھی ہے اور وہ تھوڑا شرارتی بھی ہے لیکن بچوں کے ساتھ اس کا مزاج بہت میٹھا ہے۔ فی الحال تو ایپو دودھ پیتا ہے لیکن کبھی کبھی گاجر بھی کھا لیتا ہے۔ اس انوکھے جانور کی وجہ سے علاقے کے لوگ فارم ہاؤس آتے ہیں اور ایپو کی تصویر اپنے اسمارٹ فونز میں قید کر لیتے ہیں۔ یہاں آنے والی 67 سالہ پٹریسيہ بتاتی ہیں، ’’ہم اس جانور کو دیکھنے کا بہت شوق تھا۔ یہ بچوں کا بہت ہی پسندیدہ جانور ہے۔

ایک اور مقامی باشندے فابریزیو کا حیران ہوتے ہوئے کہنا تھا، ’’میں نے ایسا پہلی بار دیکھا۔ یہ قدرتی نہیں ہے، لیکن فطرت نے اسے ممکن بنا دیا۔‘‘

ایپو کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ وہ زیبرے اور گدھی کا مرکب ہے۔ اس کا چہرہ ایک گدھے کی طرح ہے اور پاؤں زیبرے کی طرح۔ تاہم دنیا میں پیدا ہونے والا یہ پہلا زونکی نہیں ہے۔ اس سے پہلے چین، جاپان اور امریکا میں بھی ایسے واقعات پیش آ چکے ہیں۔ اندازوں کے مطابق پہلے کی طرح ایپو بھی بڑا ہو کر یا تو مکمل زیبرے یا پھر مکمل گدھے کی شکل اختیار کر جائے گا۔