1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کتے ممکنہ طور پر بچوں کو چند انفیکشنز سے محفوظ رکھتے ہیں، رپورٹ

9 جولائی 2012

پیر کو شائع ہونے والی ایک تحقیقی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایسے بچے جو پالتو کتوں کے ساتھ وقت گزارتے ہیں کانوں اور سانس کے کچھ انفیکشنز سے محفوظ رہتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/15Tuf
تصویر: Fotolia/Simone van den Berg

محققین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیقی رپورٹ پالتو جانوروں والے اور ایسے گھروں کے مطالعے کے بعد مرتب کی گئی ہے جہاں کوئی پالتو جانور نہیں پایا جاتا۔

اس رپورٹ میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ پالتو جانوروں اور بچوں کے انفیکشنز میں تحفظ کے درمیان کیا تعلق ہے تاہم کہا گیا ہے کہ وہ بچے جو اپنے پالتو کتے کے آس پاس دن کا کچھ حصہ گھر میں گزارتے ہیں، زندگی کے پہلے برس ایسے بچوں کے جسمانی مدافعتی نظام یا امیون سسٹم میں مضبوطی پیدا ہوتی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پالتو بلیاں بھی بچوں میں متعدد انفیکشنز کے خلاف تحفظ میں معاون دیکھی گئی ہیں تاہم ان کا اثر کتوں کے مقابلے میں خاصا کمزور ہے۔

اس تحقیق میں فن لینڈ میں 397 بچوں کا مطالعہ کیا گیا۔ والدین نے ان بچوں کی صحت کے حوالے سے ابتدائی 52 ہفتوں کی ڈائری بنا رکھی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسے بچے جن کے گھروں میں کتے یا بلیاں موجود تھیں، ان میں دوسرے بچوں کے مقابلے میں سانس کے انفکیشن کے مسائل 30 فیصد کم دیکھے گئے، جس میں کھانسی، نزلہ اور بخار جیسے امراض شامل ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان بچوں میں سے تقریبا نصف میں کانوں کا انفیکشن بھی نہیں پایا گیا۔

فن لینڈ کے کوپیو یونیورسٹی ہسپتال کے ماہرین نے اس تحقیق میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، ’جن بچوں کا زندگی کے ابتدائی دنوں میں کتوں اور بلیوں سے واستہ پڑا تھا، ایسے بچے دوران مطالعہ زیادہ صحت مند دیکھے گئے۔‘

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ مطالعہ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ ایسے بچے جو دن کے تقریبا چھ گھنٹے گھر کے اندر کتوں کے ساتھ گزارتے رہے وہ متعدد انفیکشنز سے محفوظ رہے۔ جب کہ وہ بچے جن کے گھروں میں پالتو جانور نہیں تھے، یا گھر سے باہر رہتے تھے، ان میں یہ تحفظ کم دیکھا گیا۔ ’ہم اس مطالعے کی بنیاد پر یہ کہہ سکتے ہیں کہ گھروں میں پالتو جانوروں کا موجود ہونا، بچوں کی زندگی کے پہلے برس میں سانس کے انفیکشنز سے تحفظ میں مددگار ہوتا ہے۔ یہ مطالعہ ہمیں یہ اشارہ بھی دیتا ہے کہ غالبا پالتو جانوروں سے ربط بچوں کے مدافعاتی نظام میں بہتری کا باعث ہو سکتا ہے۔‘

ماہرین کے مطابق یہ ایک اہم مطالعاتی رپورٹ ہیں حالانکہ اس رپورٹ میں بچوں میں انفیکشنز کے حوالے سے متعدد دیگر وجوہات کو نظر انداز کیا گیا ہے، جس میں گھر میں سگریٹ نوشی کرنے والے افراد، والدین میں دمے کا مرض اور بچوں کا نگہداشت کا معیار شامل ہے۔ تاہم ان ماہرین کا خیال ہے کہ یہ رپورٹ مستقبل میں اہم مطالعے تک رہنمائی کرنے میں انتہائی معاون ثابت ہو سکتی ہے۔

at / km (AFP)