1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ججوں کے الزامات: تصدق جیلانی تحقیقاتی کمیشن کے سربراہ نامزد

30 مارچ 2024

کمیشن عدالتی کارروائی میں مداخلت سے متعلق الزامات کی چھان بین کرنے کے ساتھ ساتھ یہ تعین بھی کرے گا کہ آیا یہ الزامات درست ہیں۔ کمیشن اس بات کا تعین بھی کرے گا کہ آیا "کوئی اہلکار براہ راست مداخلت میں ملوث تھا" یا نہیں۔

https://p.dw.com/p/4eHHL
سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی
سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانیتصویر: PID/Dean Pictures/IMAGO

پاکستان میں وفاقی کابینہ نے آج بروز ہفتہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کی جانب سے عدالتی امور میں ایک ملکی خفیہ ایجنسیی  کی مبینہ مداخلت کے خلاف لکھے گئے خط کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن تشکیل دیتے ہوئے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کو اس کمیشن کا سربراہ نامزد کیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر، جسٹس بابر ستار، طارق محمود جہانگیری، جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان، جسٹس ارباب محمد طاہر اور جسٹس سمن رفت امتیاز کی جانب سے 25 مارچ کو سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کیا گیا تھا کہ پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹر سروسز انٹیلیجنس ( آئی ایس آئی) کے اہلکار عدالتی کارروائی اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی کے اہلکار عدالتی کارروائی اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چھ ججوں کی جانب سے سپریم جوڈیشل کونسل کو لکھے گئے ایک خط میں کہا کیا گیا تھا کہ آئی ایس آئی کے اہلکار عدالتی کارروائی اور فیصلوں پر اثر انداز ہونے کی کوشش کرتے ہیںتصویر: AFP/Getty Images

اس پیش رفت کے بعد سپریم کورٹ کے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور وزیر اعظم شہباز شریف کے مابین ایک ملاقات میں اس خط میں لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیشن بنانے کے حوالے سے بات چیت ہوئی تھی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں آج تیس مارچ بروز ہفتہ وفاقی کابینہ کے ایک اجلاس کے بعد جاری کیے گئے بیان میں اس بات کو دہراتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کابینہ کے اجلاس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے چھ جج صاحبان کی جانب سے لکھے گئے خط کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا گیا، جس کے بعد وفاقی کابینہ نے اس خط کے مندرجات کا جائزہ لینے اور ان کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن کی تشکیل کی منظوری دیتے ہوئے سابق چیف جسٹس پاکستان جناب تصدق حسین جیلانی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ نامزد کردیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کی شرائط کار یا ٹرمز آف ریفرنس (ٹی اوآرز) کی بھی منظوری دی، جن کے مطابق انکوائری کمیشن اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج صاحبان کے خط میں عائد کردہ الزامات کی مکمل چھان بین کرے گا اور تعین کرے گا کہ آیا یہ الزامات درست ہیں یا نہیں۔

انکوائری کمیشن اس بات کا تعین بھی کرے گا کہ آیا "کوئی اہلکار (عدالتی کارروائیوں اور فیصلوں میں) براہ راست مداخلت میں ملوث تھا" یا نہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں آج تیس مارچ بروز ہفتہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا
وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں آج تیس مارچ بروز ہفتہ وفاقی کابینہ کا اجلاس ہواتصویر: K.M. Chaudary/AP/picture alliance

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیشن اپنی تحقیق میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر کسی "ایجنسی، محکمے یا حکومتی ادارے" کے خلاف کارروائی تجویز کرے گا اور کمیشن کو یہ بھی اختیار ہوگا کہ وہ انکوائری کے دوران ضروری سمجھے تو کسی اور معاملے کی بھی جانچ کرسکتا ہے۔

ساتھ ہی حکومتی بیان میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے،" کابینہ کے اجلاس نے  چھ معزز جج صاحبان کے خط میں ایگزیکٹو کی مداخلت کے الزام کی نفی کرتے ہوئے اسے نامناسب قرار دیا۔ کابینہ ارکان کی متفقہ رائے تھی کہ دستور پاکستان 1973 میں طے کردہ تین ریاستی اداروں میں اختیارات کی تقسیم کے اصول پرپختہ یقین رکھتے ہیں۔"

اس بیان کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے عدلیہ کی آزادی اور دستوری اختیارات کی تقسیم کے اصول پر کامل یقین رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کابینہ کو اس خط کے بعد اپنے مشاورت اور چیف جسٹس پاکستان سے ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی اعتماد میں لیا، جبکہ کابینہ نے وزیراعظم کے فیصلوں اور اب تک کے اقدامات کی مکمل توثیق وحمایت کی۔

م ا⁄ ش خ