1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

پاکستانی، بھارتی سرحدی دستوں کے مابین فائرنگ، نو سویلین ہلاک

مقبول ملک6 اکتوبر 2014

پاکستانی اور بھارتی سکیورٹی دستوں کے مابین کشمیر کے منقسم خطے اور سیالکوٹ سیکٹر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر ہونے والے فائرنگ کے تبادلے میں اطراف کے ذرائع کے مطابق کم از کم نو شہری مارے گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DQMB
تصویر: Roufb Bhata/AFP/Getty Images

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں سری نگر سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق ان شہریوں میں سے پانچ بھارتی باشندے تھے جبکہ پاکستانی عسکری ذرائع کے مطابق چار ہلاک شدگان کا تعلق پاکستان سے تھا اور ان کی موت سرحد پار سے بھارتی دستوں کی طرف سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں ہوئی۔

خبر ایجنسی اے ایف پی نے لکھا ہے کہ نئی دہلی اور اسلام آباد دونوں نے ہی تقسیم کا شکار مسلم اکثریتی ریاست جموں کشمیر میں اس نئی خونریزی اور کنٹرول لائن پر پائی جانے والی کشیدگی میں اضافے کا الزام ایک دوسرے پر لگایا ہے۔

بھارتی پولیس نے کہا ہے کہ پاکستان کے نیم فوجی دستوں نے نئی دہلی کے زیر انتظام کشمیر میں بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کی سرحدی چوکیوں اور چند سرحدی دیہات پر مبینہ طور پر مارٹر فائر کیے، جن کے نتیجے میں کم از کم پانچ بھارتی باشندے ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے۔

Indien Pakistan Grenzkonflikt Kaschmir
کشمیر کا علاقہ پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعے کی ایک بڑی وجہ تصور کیا جاتا ہےتصویر: AP

اس کے برعکس پاکستانی فوج کے آج پیر کے روز جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عید کے روز سیالکوٹ کے قریب دونوں ملکوں کے درمیان ’ورکنگ باؤنڈری‘ پر بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس BSF کے ارکان کی مبینہ طور پر بلااشتعال کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں چار سویلین ہلاک ہو گئے، جن میں دو بچے بھی شامل ہیں۔

پاکستانی شہر سیالکوٹ اور اس کا نواحی علاقہ بھارتی ریاست پنجاب کی سرحد کے ساتھ ملتا ہے۔ پاکستانی عسکری ذرائع کے بقول اسی علاقے میں بھارتی دستوں کی فائرنگ سے اگست کے مہینے میں بھی دو پاکستانی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ عیدالضحیٰ کے موقع پر پاکستانی حکام کے مطابق بھارتی دستوں نے کشمیر میں کنٹرول لائن کے پار سے بھی پاکستان کے زیر انتظام چار علاقوں پر مشین گنوں سے فائرنگ کی اور گولے بھی پھینکے لیکن اس کارروائی میں کوئی شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی ہلاکتوں کے بارے میں علاقائی پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کے۔ راجندر نے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستانی دستوں کی مبینہ فائرنگ اور گولہ باری سے پانچ افراد اس وقت مارے گئے جب جنوبی جموں کے علاقے میں آرنیا کے سیکٹر میں مقامی دیہات کے چند مکانات اور ایک بس سٹینڈ اس شیلنگ کی زد میں آ گئے۔ کے۔ راجند نے بتایا کہ کنٹرول لائن پر اس فائرنگ کا آغاز اتوار کو رات گئے ہوا، جو پیر کی دوپہر تک وقفے وقفے سے جاری تھا۔