1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

وٹامن ای کا اضافی استعمال اوسٹیوپوروسز کا موجب

Kishwar Mustafa5 مارچ 2012

جاپانی سائنسدانوں نے وٹامن ای کے اضافی استعمال اور اوسٹیوپوروسز یا ہڈیوں کی بافتوں کے ضیاع کے مابین پائے جانے والے ربط کا پتہ چلا لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/14FKe
تازہ قدرتی غذا کا استعمال صحت کے لیے سب سے زیادہ مفیدتصویر: picture-alliance/dpa

جاپان میں طبی ماہرین نے ایک ایسی تحقیق کی ہے جس میں فوڈ سپلیمنٹس کے استعمال پر روشنی ڈالنے میں غیر معمولی مدد ملے گی۔ ان سائنسدانوں نے اپنی ریسرچ میں پتہ چلایا ہے کہ تیزی سے پھیلنے والی ہڈیوں کی بیماری اوسٹیوپوروسز کا تعلق وٹامن E کے اضافی استعمال سے ہے۔ اس عارضے کے شکار افراد کی ہڈیاں کمزور ہونا شروع ہو جاتی ہیں، یہاں تک کہ ہڈیوں کی بافتوں کا ضیاع چھوٹی ہڈیوں کی شکست و ریخت پر منتج ہو سکتا ہے۔

سائنسدانوں نے یہ تجربہ چوہوں پر کیا۔ چوہوں کو وٹامن ای کی اتنی ہی اضافی خوراک دی گئی جتنی کہ کسی فوڈ سپلیمنٹ میں ہوتی ہے۔ ماہرین کو پتہ یہ چلا کہ اضافی وٹامن E کے سبب چوہوں کی ہڈیاں سوکھنا شروع ہو گئیں۔ ایسے چوہوں کو آٹھ ہفتے تک ان کی معمول کی غذا میں پائے جانے والے وٹامن E کی مقدار سے کہیں زیادہ یعنی سپلیمنٹ کی مقدار کے برابر وٹامن ای دیا جاتا رہا۔ اس کے نتیجے میں ان چوہوں کو اوسٹیوپوروسز یا ہڈیوں کی بافتوں کے ضیاع کا عارضہ لاحق ہو گیا۔ اس تحقیق سے متعلق رپورٹ نیچر میڈیسن نامی تحقیقی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔

Arzneimittel
ادویات بنانے والی کمپنیاں سپلمنٹس بھی تیار کرتی ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ماہرین کی ٹیم کے سربراہ اور کائیو یونیورسٹی کے ایک طبی محقق شو تاکیدا کا کہنا ہے کہ وٹامن ای ہڈیوں کو برباد کرنے والے خلیوں کی پیدائش کے عمل کو بہت تیز کر دیتا ہے۔ عام طور پر وٹامن ای ہڈیوں کی ساخت بنانے والے ان سیلز کی پیدائش میں مدد گار ثابت ہوتا ہے جو ہڈیوں کو مضبوط رکھتے ہیں۔

اوسٹیوپوروسز کے عارضے میں ہڈیوں کے ٹشوز یا بافتے پتلے ہونا شروع ہو جاتے ہیں اور وقت کے ساتھ ساتھ ہڈیاں کھوکھلی ہونے لگتی ہیں۔ ایسا زیادہ تر معمر افراد کے ساتھ ہوتا ہے، خاص طور سے خواتین میں یہ مرض تیزی سے شدت پکڑتا ہے یہاں تک کہ ان کی ہڈیاں ٹوٹنے کا عمل شروع ہو جاتا ہے۔

Pillen und Tabletten
بہت زیادہ ادویات پر انحصار صحت پر نہایت منفی اثرات مرتب کرتا ہےتصویر: BilderBox

وٹامن ای قدرتی طور پر مختلف غذاؤں میں پایا جاتا ہے۔ ان میں ویجیٹیبل آئل، مختلف قسم کے جوس یا بادام اور پتے والی چند سبزیاں بھی شامل ہیں۔ اس وٹامن کو بہت سے مقبول ہیلتھ سپلیمنٹس میں بھی استعمال کیا جاتا ہے اور ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ صحت افزا ہیں اور صحت کے گونا گوں مسائل، خاص طور سے ڈھلتی ہوئی عمر کے اثرات کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔

جاپانی محققین نے وٹامن ای کے بڑھی ہوئی مقدار اور اس کے انسانی صحت پر اثرات سے متعلق مزید تحقیق کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

رپورٹ: کشور مصطفیٰ / خبر رساں ادارے

ادارت: مقبول ملک