1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

نیپال: کوہ پیماؤں کے لیے پانچ نئے پہاڑ

ارسلان خالد20 اگست 2013

سیاحت سے متعلق حکام کے مطابق نیپال رواں سال خزاں کے موسم میں کوہ پیماؤں کے لیے ایسے مزید پانچ پہاڑ کھولے گا جن کی اونچائی 8000 میٹر سے زیادہ ہے۔

https://p.dw.com/p/19Stl
تصویر: South Calcutta Trekkers Association

نیپال فی الحال کوہ پیماؤں کو 8 پہاڑوں تک رسائی دیتا ہے جن میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ بھی شامل ہے۔

کوہ پیمائی کے لیے کھولے جانے والے ان نئے پہاڑوں میں سے تین کانچن جونگا کے علاقے میں واقع ہیں، جب کہ دو ماؤنٹ ایورسٹ کے قریب ہیں۔ ان تمام پہاڑوں کی بلندی 8400 میٹر سے بھی زیادہ ہے اور انہیں انٹرنیشنل ماؤنٹینرنگ اینڈ کلائمنگ فیڈریشن سے اجازت موصول ہونے کے بعد مہم جوئی کے لیے کھول دیا جائے گا۔

نیپال کی سیاحت کی وزارت سے وابستہ ایک سینیئر عہدیدار پرنا چندرا بھاٹارائی کے مطابق سوئٹزر لینڈ میں کوہ پیماؤں کی عالمی تنظیم اکتوبر میں اپنی سالانہ میٹنگ میں ان نئے پہاڑوں کی مہم جوئی کی اجازت دینے یا نہ دینے کا فیصلہ کرے گی۔

بھاٹارائی کا کہنا ہے، ’یقینا اس سے آمدنی میں اضافہ ہوگا لیکن ہم چاہیں گے کہ  لوگ ان بلند ترین پہاڑوں کے علاوہ دیگر پہاڑوں پر بھی مہم جوئی کے لیے آئیں‘‘۔ بھاٹارائی نے رواں ماہ کے آغاز میں یہ بیان بھی دیا تھا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ مہم جوئی کے لیے آنے والے کوہ پیما ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر صفائی کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ نیپال میں مہم جوئی کے لیے 300 کے قریب پہاڑ موجود ہیں اور سیاحت اس ملک میں آمدنی کا بڑا ذریعہ ہے۔ بھٹارائی کے مطابق وزارت سیاحت نے گزشتہ سال موسم بہار میں 344000 ڈالر کمائے تھے۔