1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ناکام چینی عاشق، اکٹھے چار سینما بُک کر لیے

امتیاز احمد27 جون 2014

چین کے ایک ناکام عاشق نے اپنی سابقہ محبوبہ سے بدلہ لینے کے لیے چالیس ہزار ڈالر خرچ کرتے ہوئے چار سینما گھروں کو ایک دن کے لیے مکمل بُک کر لیا۔ اس ناکام عاشق کی محبوبہ سات سال قبل اسے غربت کا طعنہ دیتے ہوئے چھوڑ گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1CRLF
تصویر: Reuters

چینی دارالحکومت بیجنگ کے اِن چار آئی میکس سینما گھروں میں آج ستائیس جون کو پہلی مرتبہ ہالی وُڈ کی مشہور فلم ’ٹرانسفارمرز‘ کا پہلا شو دکھایا جانا تھا۔ اس شخص کا ٹوئٹر کی طرح کی چینی ویب سائٹ ’سینا وائبو‘ پر پیغام درج کرتے ہوئے کہنا تھا، ’ہو شاؤ یوان ( سابقہ محبوبہ کا نام)! ہم دونوں جب کالج میں چوتھے سال میں پڑھ رہے تھے تو میں اس قدر غریب تھا کہ فلم دیکھنے کے لیے دو ٹکٹ بھی نہیں خرید سکتا تھا اور تم نے مجھے چھوڑ کر بیجنگ جاتے ہوئے یہ کہا تھا کہ میرے حالات ہمیشہ ہی ایسے رہیں گے‘۔

اس ناکام چینی عاشق نے لکھا ہے کہ اسی ایک جملے نے اسے بہت دکھ پہنچایا۔ اس عاشق نے اپنی سابقہ محبوبہ کے نام اپنے پیغام میں مزید لکھا ہے، ’’تمہارے اسی ایک جملے کی وجہ سے میں گزشتہ سات برسوں سے بہت محنت کر رہا ہوں۔ آج ستائیس جون کو میں نے اپنی آدھی تنخواہ خرچ کرتے ہوئے بیجنگ کے چار آئی میکس سینماؤں کی پہلے روز کی تمام سیٹیں بُک کر لی ہیں۔ میں تم سے صرف یہ کہنا چاہتا ہوں کہ شاید اس وقت تمہارا انتخاب غلط تھا۔ ‘‘

اس عاشق نے ثبوت کے طور پر چین کی سب سے مشہور سوشل ویب سائٹس پر تین رسیدیں بھی پوسٹ کی ہیں، جن کے مطابق ان چار سینماؤں کی ٹکٹیں دو لاکھ پچاس ہزار یوآن میں خریدی گئی ہیں۔ یہ رقم تقریباﹰ چالیس ہزار ڈالر بنتی ہے۔ چینی میڈیا میں مشہور ہونے والے اس واقعے کے بعد ناکام عاشق کی مکمل شناخت جاننے کے لیے کوششیں شروع کر دی گئی ہیں لیکن ابھی تک صرف اس کے نام کے پہلے حصے کا پتہ چلایا جا سکا ہے، جو کہ وانگ ہے۔

اس ناکام عاشق نے انٹرنیٹ یوزرز سے درخواست کی ہے کہ اس وہ اس میسیج کو زیادہ سے زیادہ آگے پھیلائیں تاکہ ’وہ لڑکی اسے دیکھ سکے‘۔ اس کے بدلے میں انٹرنیٹ یوزرز کو فلم کے فری ٹکٹ دینے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے۔ یہ میسیج بہت تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس کی پوسٹنگ کے کچھ ہی گھنٹوں بعد اِسے ایک لاکھ دس ہزار سے زائد مرتبہ شیئر کیا گیا ہے۔

اس شخص نے اپنے ایک دوسرے پیغام میں کہا ہے کہ اس کی سابقہ محبوبہ نے اس سے فون پر رابطہ کیا ہے اور دونوں نے پرانے تلخ تعلقات کو بھلانے پر اتفاق کر لیا ہے لیکن دوبارہ ایک ہو کر رہنے کی کوئی اُمید نہیں ہے۔ اس پیغام میں مزید لکھا ہے، ’’جب میں اس سے پہلی مرتبہ ملا تھا تو میں نے اس سے وعدہ کیا تھا کہ اگر تم نے کسی دن مجھے چھوڑا تو میں ساری دنیا کو بتاؤں گا کہ میں تمہیں تلاش کر رہا ہوں۔‘‘