1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’مسلم مخالف‘ رویوں پر مودی کی خاموشی زیرِ تنقید

ندیم گِل27 جولائی 2014

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو مسلمانوں سے متعلق حالیہ متنازعہ واقعات پر خاموش رہنے کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ان کی اس خاموشی سے ایسے واقعات میں اضافہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1CjSN
تصویر: UNI

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق یہ خدشہ پیدا ہو گیا ہے کہ مودی کی حکمران ہندو قوم پرست جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی)کے حامی مذہبی ہم آہنگی میں رخنہ ڈال دیں گے۔

رواں ہفتے ایک ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں بی جے پی کی اتحادی جماعت شیو سینا کے ایک رکن اسمبلی راجن وچار کو ایک مسلمان کیٹرر کے منہ میں زبردستی نوالہ ٹھونستے ہوئے دیکھا گیا جو روزے سے تھا۔

راجن وچار نے بعدازاں کہا کہ وہ کیٹرر کی مذہبی شناخت اور اس کی روزے کی حالت سے واقف نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ تو صرف یہ بتایا چاہتے تھے کہ کھانا کتنا برا ہے۔

اس واقعے کے ردِ عمل پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ آرائی بھی ہوئی جس کے نتیجے میں بی جے پی کے ایک رکن نے یہ مطالبہ کر ڈالا کہ اپوزیشن کے بعض سیاستدانوں کو پاکستان بھیج دیا جانا چاہیے۔ بعدازاں اس رکن نے اپنے اس بیان پر معذرت کر لی۔

Flash-Galerie Hochzeiten 2010
ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر شعیب ملکتصویر: AP

بی جے پی کے ہی ایک اور سیاستدان کے لکشمن نے مسلمان ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کی قومی شناخت پر بھی سوال اٹھایا جبکہ وزیر اعظم کے ایک اتحادی نے یہ تک کہہ دیا تھا کہ مودی کی قیادت میں بھارت ایک ہندو ملک بن سکتا ہے۔

کے لکشمن نے ثانیہ مرزا کو ریاست تلنگانہ کی خیرسگالی سفیر مقرر کیے جانے پر تنقید کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ثانیہ ’پاکستان کی بہو‘ ہیں اور وہ تلنگانہ کی شناخت بننے کی اہل نہیں۔ ثانیہ مرزا پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کی اہلیہ ہیں۔

روئٹرز کے مطابق متعدد تجزیہ کاروں نے کہا ہے کہ ان واقعات پر ردِ عمل ظاہر کرنے میں مودی کی ناکامی سے ان کی جماعت اور اس کی اتحادی دیگر تنظیموں کے کارکنوں کی جانب سے جارحانہ رویوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنے اداریے میں لکھا ہے: ’’وزیر اعظم کو ایسے بیانات کے خلاف کھل کر سامنے آنا ہو گا تاکہ اقلیتوں کو یقین دلایا جا سکے کہ ان (مودی) کی حکومت کے خلاف ان (اقلیتوں) کے تحفظات بیجا ہیں ۔ ان کی خاموشی سے ایسے عناصر کی حوصلہ افزائی ہی ہو گی۔‘‘

بھارت میں بدترین مذہبی فسادات ہوتے رہے ہیں، بالخصوص ہندو اکثریت اور مسلمانوں کے درمیان۔ وہاں مسلمانوں کی آبادی ڈیڑھ سو ملین سے زائد ہے۔

بی جے پی انتخابات میں زبردست کامیابی کے نتیجے میں مئی میں اقتدار میں آئی۔ اس جماعت نے معیشت کی بحالی کا نعرہ لگاتے ہوئے انتخابات میں حصہ لیا۔تاہم انتخابی مہم میں بھارت کی اکثریتی ہندو شناخت کا حوالہ بھی دیا گیا تھا۔