1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

لیما کلائمٹ کانفرنس کے نتائج پر یورپی یونین کا اظہار اطمینان

عاطف بلوچ14 دسمبر 2014

یورپی یونین نے لیما میں منعقد ہوئی اقوام متحدہ کی کلائمٹ کانفرنس کے نتائج کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے جانے والے عالمی اقدامات کے لیے ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1E41d
تصویر: AFP/Getty Images/C. Bouroncle

پیرو کے دارالحکومت لیما میں دو ہفتوں تک جاری رہنے والی اس کانفرنس میں اقوام متحدہ کے رکن 190 سے زائد ممالک نے اتفاق کیا کہ وہ درجہ حرارت میں اضافے کا باعث سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے قومی سطح پر ایک حکمت عملی ترتیب دیں گی۔ ان ممالک کے سفارتکار ایک ایسی گائیڈ لائنز کے مسودے پر بھی متفق ہوئے، جس کے تحت دسمبر 2015ء میں پیرس میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی کلائمٹ کانفرنس میں کسی حتمی معاہدے تک رسائی کے لیے جاری مذاکراتی عمل میں تیزی لائے جائے گی۔

اتوار کے دن یورپی کمیشن کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں اس پیشرفت کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس سے عالمی درجہ حرارت کو ایک حد تک کنٹرول کرنے کی کوششوں کو ایک نئی توانائی ملی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک زمين کے درجہ حرارت ميں اضافے کو صنعتی انقلاب کے دور کے مقابلے ميں دو ڈگری سينٹی گريڈ تک محدود رکھنے اور ضرر رساں سبز مکانی گيسوں کے اخراج ميں کمی کے حوالے سے ایک حتمی ڈیل کو طے کرنے کی کوشش میں ہیں۔

UN-Klimakonferenz in Lima 13.12.2014
ڈیل طے پانے پر سفارتکاروں نے تالیاں بجا کر خوشی کا اظہار کیاتصویر: AFP/Getty Images/C. Bouroncle

لیما مذاکرات بارہ دسمبر کو ختم ہونا تھے لیکن امیر اور غریب ممالک کے مابین اختلافات کے باعث یہ عمل دو دن کے لیے طویل کر دیا گیا اور اتوار کی صبح ہی تمام رکن ممالک ایک ڈیل پر متفق ہوئے۔ اس ڈیل کے تحت تمام ممالک آئندہ برس کی سمٹ میں اپنے اپنے منصوبے پیش کریں گے، جس میں وہ سبز مکانی گیسوں کے اخراج میں کمی کے حوالے سے اپنے اہداف بیان کریں گے۔

یورپی کمیشن کے مطابق عالمی درجہ حرارت میں کمی کے لیے تمام ممالک کے پیش کردہ اہداف واضح، شفاف اور قابل فہم ہونا چاہییں۔ یورپی یونین کے کمشنر برائے کلائمٹ ایکشن اور توانائی آریاس میگیل کانیاتے کا کہنا ہے کہ ان مجوزہ اہداف کو دیکھتے ہوئے ہی یورپی ممالک کی طر ف سے مناسب شراکت داری کے لیے کوئی مسودہ تیار کیا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ یورپی یونین لیما کانفرنس میں زیادہ اچھے نتائج کی خواہاں تھی لیکن موجودہ پیشرفت بھی مثبت ہے۔

دوسری طرف ماحولیات دوست کارکنان نے لیما ڈیل کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سمجھوتوں پر مبنی یہ ڈیل کمزور ہے اور اس سے تحفظ ماحولیات کے بین الاقوامی ضوابط بھی متاثر ہوں گے۔ واضح رہے کہ یورپی یونین نے عالمی درجہ حررات میں کمی کے لیے اپنے اہداف اکتوبر میں وضع کیے تھے، جن کے تحت 1990ء کے مقابلے میں 2030ء تک مضر گیسوں کے اخراج میں چالیس فیصد تک کمی کی جائے گی۔