1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

قابل تجدید توانائی، عالمی درجہ بندی

12 جون 2012

عنقریب برازیل میں ریو پلس ٹوئنٹی کے نام سے عالمی رہنماؤں کی ایک سربراہ کانفرنس منعقد ہو رہی ہے۔ اس موقع پر جاری کردہ ایک رپورٹ میں قابل تجدید توانائی سے استفادہ کرنے والے ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/15CeG
تصویر: picture-alliance/dpa

یہ رپورٹ امریکا میں قائم نیچرل ریسورسز ڈیفنس کونسل (NRDC) نے جاری کی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگرچہ قابل تجدید توانائیوں سے استفادے کے معاملے میں یورپی یونین کا کردار قائدانہ ہے تاہم ترقی پذیر ممالک میں بھی اس شعبے میں نمایاں پیشرفت دیکھنے میں آ رہی ہے۔

ریو پلس ٹوئنٹی سربراہ اجلاس بیس تا بائیس جون برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس سے پہلے پائیدار ترقی پر تبادلہء خیال کے لیے عالمی رہنماؤں کا آخری اجتماع دَس سال پہلے ریو پلس ٹین کے نام سے جنوبی افریقی شہر جوہانسبرگ میں ہوا تھا۔

اسپین میں نصب یہ آئینے دھوپ کو درمیان میں بنے پائپ پر مرتکز کرتے ہیں، پائپ میں موجود تیل گرم ہو کر پانی کو بھاپ میں بدلتا اور بالآخر بجلی پیدا کرتا ہے
اسپین میں نصب یہ آئینے دھوپ کو درمیان میں بنے پائپ پر مرتکز کرتے ہیں، پائپ میں موجود تیل گرم ہو کر پانی کو بھاپ میں بدلتا اور بالآخر بجلی پیدا کرتا ہےتصویر: picture-alliance/dpa

غیر کاروباری ماحولیاتی تنظیم NRDC کے پروگرام ڈائریکٹر جیک شمٹ کے مطابق 2002ء سے اب تک توانائی کے قابل تجدید ذرائع کے ضمن میں بڑے پیمانے پر پیشرفت ہوئی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ کا مقصد اُسی پیشرفت کو جانچنا اور یہ دیکھنا ہے کہ مختلف ممالک قابل تجدید توانائیوں کے شعبے میں کہاں کہاں کھڑے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 2004ء سے اب تک گروپ جی ٹوئنٹی کے رکن ملکوں میں توانائی کے قابل تجدید ذرائع میں کی جانے والی سرمایہ کاری میں تقریباً 600 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ تاہم اس شعبے میں ابھی اور کتنا کچھ کرنے کی ضرورت ہے، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ گروپ G20 میں توانائی کے شعبے میں قابل تجدید توانائیوں کا حصہ ابھی بھی صرف 2.6 فیصد بنتا ہے۔

دنیا کے کسی بھی دوسرے خطّے کے مقابلے میں یورپی ممالک اپنی بجلی کی ضروریات کا زیادہ بڑا حصہ ہوا، سورج، زمینی حرارت اور لہروں کی طاقت سے حاصل کی جانے والی توانائی سے پورا کرتے ہیں۔

NRDC کی رپورٹ کے مطابق جرمنی اس حوالے سے سب سے آگے ہے۔ جہاں جرمنی آج کل اپنی بجلی کی 10.7 فیصد ضروریات قابل تجدید ذرائع سے پوری کر رہا ہے، وہاں امریکا میں یہ تناسب محض 2.7 فیصد ہے جبکہ روس جیسا بڑا ملک ابھی بھی اس شعبے میں بہت کم پیسہ لگا رہا ہے۔

شمسی توانائی کے استعمال کے اعتبار سے جرمنی پوری دنیا میں سب سے آگے ہے
شمسی توانائی کے استعمال کے اعتبار سے جرمنی پوری دنیا میں سب سے آگے ہےتصویر: picture-alliance/dpa

اس رپورٹ کے مطابق چین میں 2002ء کے بعد سے ماحول دوست توانائیوں میں سرمایہ کاری اور اُن سے استفادےکے شعبے میں 7605 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ بھارت، برازیل، ترکی، جنوبی افریقہ اور انڈونیشیا میں بھی توانائی کے متبادل اور ماحول دوست ذرائع پر زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔

متعدد ملکوں میں اس تمام تر مثبت پیشرفت کے باوجود ابھی بہت کچھ کیا جانا باقی ہے۔ اگر اس شعبے کو ترقی دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات اپنی موجودہ رفتار سے جاری رہے تو دنیا بھر میں مجموعی طور پر قابل تجدید توانائیوں سے استفادہ 2020ء تک دو فیصد سے بڑھ کر سات فیصد تک چلا جائے گا۔ تاہم اس رپورٹ کے مطابق اضافے کی اس شرح کو اس سے کم از کم دگنا ہونا چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال دنیا بھر میں توانائی کے متبادل ذرائع میں ہونے والی سرمایہ کاری تقریباً 160 ارب ڈالر تھی تاہم ساتھ ہی ساتھ حکومتوں نے معدنی وسائل سے اور یوں ماحول کو نقصان پہنچا کر بجلی پیدا کرنے والے شعبے کو جو سرکاری امدادی رقوم فراہم کیں وہ چار تا پانچ سو ارب ڈالر تھیں۔ رپورٹ میں ان سرکاری امدادی رقوم کا سلسلہ ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

aa/aba/ips