1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

فیٹل کی مسلسل ساتویں فتح، دبئی گراں پری بھی لے اُڑے

ندیم گِل4 نومبر 2013

ریڈ بُل ٹیم کے سیباستیان فیٹل نے دبئی گراں پری جیت لی ہے۔ یہ ان کی مسلسل ساتویں فتح ہے، جس سے ڈرائیورز کی رینکنگ میں ان کی پوزیشن بھی مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1AB1T
تصویر: AFP/Getty Images

دبئی میں اتوار کو ہونے والی اس ریس میں جرمن اسٹار ڈرائیور سیباستیان فیٹل نے ایک بڑے فرق سے کامیابی حاصل کی ہے۔ وہ دوسرے ڈرائیوروں سے بہت آگے رہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ٹی وی کیمرے فیٹل کو تنہا دِکھا دِکھا کر تھک گئے تھے اور اس لیے انہوں نے فیٹل کے پیچھے دیگر پوزیشنوں کے لیے جاری جنگ کو دِکھانا شروع کر دیا۔

فیٹل نے کہا: ’’کار بہت ہی شاندار تھی۔ کہنے کو بہت کچھ نہیں ہے۔ بعض مرحلوں میں تو میں اُڑ رہا تھا۔ کم از کم میں ایسا ہی محسوس کیا۔ فاصلہ (دوسری کاروں سے) بہت زیادہ تھا۔‘‘

چونکہ یہ ان کی ساتویں مسلسل فتح تھی، اس لیے یہ جیت اور بھی خاص رہی ہے۔ اس سے پہلے جرمنی کے ہی میشائل شوماخر نے 2004ء میں مسلسل سات مرتبہ کامیابیاں سمیٹی تھیں۔ اتوار کی تازہ جیت سے فیٹل نے شوماخر کا یہ ریکارڈ برابر کر دیا ہے۔

Abu Dhabi Formel 1 Sebastian Vettel
دُور دُور تک فیٹل کے مقابل کوئی نہیں تھاتصویر: AFP/Getty Images

مسلسل زیادہ کامیابیوں کا ریکارڈ اٹلی کے البرٹو اسکاری کے پاس ہے۔ البتہ انہیں یہ کامیابیاں 1952ء اور 1953ء میں دو سیزنز کے دوران ملی تھیں۔ ابھی رواں سیزن میں آسٹن، ٹیکساس اور برازیل کے مقابلے باقی ہیں۔ روئٹرز کے مطابق فیٹل کے پاس اسکاری کا ریکارڈ برابر کا بھی واضح موقع ہے۔

اس حوالے سے فیٹل کا کہنا تھا: ’’مجھے یاد ہے کہ جب میں چھوٹا بچہ تھا اور میں فارمولا وَن دیکھتا تھا، میشائل فیراری کے ساتھ ہوتے تھے، سب سے آگے ۔۔۔ اگر آپ پیچھے مُڑ کر دیکھیں، تو آپ کو ایسا لگے گا کہ وہ ہر دوسری ریس جیت رہے تھے۔‘‘

انہوں نے مزید کہا: ’’ان کی کامیابیوں کو برابر کرنا بہت، بہت ہی خاص بات ہے۔‘‘

دبئی گراں پری میں ریڈ بُل ٹیم کے ہی آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر دوسرے نمبر پر رہے۔ یہ ریس دِن کی روشنی میں شروع ہوئی تھی جبکہ اس کے خاتمے تک اندھیرا چھا چکا تھا۔

دبئی میں جیت کے نتیجے میں ڈرائیوروں کی اسٹینڈنگ میں فیٹل کی سرفہرست پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ اس وقت وہ 347 پوائنٹس کے ساتھ اس پوزیشن پر ہیں جبکہ اسپین کے الانسو 217 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ فِن لینڈ کے کِمی رائیکونین تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 183 ہیں۔

چھبیس سالہ فیٹل اس سیزن میں اب تک گیارہ ریسز جیت چکے ہیں۔ مجموعی طور پر ان کے کیریئر کی یہ 37ویں فتح تھی۔ ایک ہفتہ قبل ہی انہوں نے بھارت میں جیت کے ساتھ مسلسل چوتھی مرتبہ عالمی چیمپئن کا ٹائٹل حاصل کیا۔