1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طب کا نوبل انعام، دو امریکی اور ایک جرمن کے نام

افسر اعوان7 اکتوبر 2013

سال 2013ء کے نوبل انعام برائے طب کا اعلان آج پیر سات اکتوبر کو کر دیا گیا ہے۔ یہ انعام دو امریکی ماہرین جیمز روتھمن اور رینڈی شیکمن اور جرمنی میں پیدا ہونے والے محقق تھوماس زوڈہوف کو مشترکہ طور پر دیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19vhx
تصویر: Jonathan Nackstrand/AFP/Getty Images

ان محققین کو یہ انعام ان کی اس دریافت پر دیا گیا ہے کہ ہارمونز، اینزائمز اور دیگر اہم کیمیائی اجزاء کی خلیوں کے درمیان نقل وحمل کیسے ہوتی ہے۔

نوبل کمیٹی کی طرف سے طب کے نوبل انعام کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’’ویسیکل ٹریفک‘‘ یعنی ہمارے سیلز کے ٹرانسپورٹ سسٹم نے سائنسدانوں کو یہ سمجھنے میں مدد دی کہ کس طرح ہمارے خلیوں کے اندر ’کارگو کو درست جگہ اور درست وقت پر کیسے ڈلیور‘ کیا جاتا ہے۔ اس کمیٹی کے مطابق اس نظام میں خلل ذیابیطس، نیورولوجی اور جسم کے دفاعی نظام میں خرابی کا باعث بنتا ہے۔

57 سالہ تھوماس زوڈہوف نے 2008ء میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کو جوائن کیا تھا
57 سالہ تھوماس زوڈہوف نے 2008ء میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کو جوائن کیا تھاتصویر: picture alliance/AP Photo

62 سالہ جیمز روتھمن ییل یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں جبکہ 64 سالہ رینڈی شیکمن یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے میں پروفیسر ہیں۔ 57 سالہ تھوماس زوڈہوف نے 2008ء میں اسٹینفورڈ یونیورسٹی کو جوائن کیا تھا۔

شیکمن کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق، ’’میرا پہلا ردعمل تھا، ’’او مائی گاڈ!‘‘ اور یہی میرا دوسرا ری ایکشن بھی تھا۔‘‘

ان کی یونیورسٹی کے مطابق شیکمن کی تحقیق بائیوٹیکنالوجی انڈسٹری کی کامیابی کا باعث بنی۔

نوبل کمیٹی کے بقول شیکمن نے ایسے جینز کو دریافت کیا جو ویسیکل ٹرانسپورٹ کے لیے ضروری ہوتے ہیں جبکہ روتھمن نے اس بات سے پردہ اٹھایا کہ پروٹینز کیسے مطلوبہ باریک جھلیوں یا ممبرینز کے ساتھ ایک زپ کی دو سائیڈز کی طرح جا کر چپکتے ہیں۔ زودہوف نے یہ دریافت کیا کہ یہ پروٹینز کس طرح مطلوبہ کیمیائی اجزاء بالکل درست انداز میں وہاں ڈلیور یا فراہم کرتے ہیں۔

Medizin Nobelpreisträger Randy Schekman
64 سالہ رینڈی شیکمن یونیورسٹی آف کیلیفورنیا برکلے میں پروفیسر ہیںتصویر: Reuters

روتھمن اور شیکمن نے اپنی تحقیق پر 2002ء میں البرٹ لاسکر میڈیکل ریسرچ ایوارڈ بھی جیتا تھا۔ اس ایوارڈ کو ایک طرح سے نوبل انعام کا پیش خیمہ سمجھا جاتا ہے۔

طب کے شعبے میں نوبل انعام کے اس اعلان کے ساتھ ہی اس برس کے نوبل انعامات کے اعلانات کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔ فزکس، کیمسٹری، ادب اور امن کے لیے نوبل انعامات کا اعلانات رواں ہفتے اور آئندے ہفتے کے دوران کیا جائے گا۔ ہر انعام کے ساتھ آٹھ ملین سویڈش کرونا کی رقم بھی دی جاتی ہے جو 1.2 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔