1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

شام میں ’کیمیائی ہتھیاروں‘ کے دوبارہ استعمال کے دعوے

عاطف توقیر13 اپریل 2014

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا ہے کہ شامی حکومتی طیاروں نے وسطی صوبے حما میں ایک حملے میں سانس روکنے والی زہریلی گیس کا استعمال کیا۔ حکومت نے اس ’کلورین‘ گیس حملے کا ذمہ دار باغیوں کو قرار دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1Bh7v
تصویر: picture alliance/AP Photo

سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے مقامی طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ حکومتی طیاروں نے کفرزیتا نامی علاقے میں زہریلی گیس سے حملہ کیا، جس میں بیرل بموں میں یہ زہریلی گیس استعمال کی گئی۔ اس اپوزیشن گروپ کے مطابق جمعے کے روز ہونے والے اس حملے کے بعد متعدد افراد ’دم گھٹنے‘ کی علامات کے ساتھ ہسپتال پہنچائے گئے۔

شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی اس تنظیم کے سربراہ رمی عبدالرحمان کے بیان کے مطابق، ’حکومتی طیاروں نے کفرزیتا میں بیرل بم گرائے جن کے نتیجے میں گاڑھا دھواں اور بدبو پھیل گئی۔ جس کے بعد دم گھٹنے اور زہر کی علامات کے متعدد کیس سامنے آئے۔‘

علاقے میں موجود حکومت مخالفین کی جانب سے فیس بک پر سامنے آنے والی اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ زہریلی گیس کے اس حملے کے بعد سو افراد کو سانس نہ لیے جانے پر ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔

Syrien Stadt Aleppo 12 April 2014
شام میں گزشتہ تین برس میں ڈیڑھ لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیںتصویر: picture alliance/AP Photo

ادھر سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ’کلورین‘ گیس کے اس حملے میں القاعدہ سے تعلق رکھنے والا شدت پسند گروہ النصرہ فرنٹ ملوث ہے۔ حکومتی بیان کے مطابق، ’دہشت گرد گروہ النصرہ فرنٹ کی جانب سے زہریلی گیس کلورین کے استعمال کی خبریں ہیں۔ اس حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ 100 افراد دم گھٹنے کا شکار ہوئے۔‘

سرکاری بیان میں مزید کہا گیا ہے، ’یہ اطلاعات بھی ہیں کہ النصرہ فرنٹ ادلیب صوبے کے علاقے وادی ضیف اور حما صوبے کے علاقے موریق میں بھی کلورین یا سارن گیس کے استعمال کی تیاری کر رہا ہے۔‘

اپوزیشن کی جانب سے ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب پر جاری کردہ ویڈیوز میں آدمیوں اور بچوں کو ایک فیلڈ ہسپتال میں کھانستے اور سانس لینے میں تکلیف محسوس کرنے کی علامات کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔ ان ویڈیو میں کچھ افراد کو آکیسجن ماسک لگے بھی نظر آتے ہیں۔

دوسری جانب اے ایف پی کے مطابق باغیوں کے زیرقبضہ شمالی شہر حلب میں سرکاری فورسز اور حکومت مخالفین کے درمیان سخت لڑائی جاری ہے جبکہ دمشق کے نواح میں بھی حکومتی شیلنگ کے نتیجے میں چار افراد ہلاک ہوئے ہیں۔