1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیباستیان فیٹل نے بیلجیئن گراں پری جیت لی

ندیم گِل25 اگست 2013

ریڈ بُل ٹیم کے سیباستیان فیٹل نے بیلجیئن گراں پری جیت لی ہے۔ رواں سیزن میں یہ ان کی پانچویں فتح ہے جس سے ڈرائیورز کی رینکنگ میں ان کی پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/19Vsb
تصویر: Tom Gandolfini/AFP/Getty Images

فارمولا وَن ورلڈ چیمپیئن فیٹل ہفتے کو کوالیفائنگ مرحلے میں پول پوزیشن کے حصول میں ناکام رہے تھے جو مرسڈیز ٹیم کے برطانوی ڈرائیور لیوس ہملٹن نے حاصل کی تھی۔ یوں اتوار کی ریس کے آغاز پر فیٹل ہملٹن سے ایک قدم پیچھے تھے تاہم انہوں نے پہلے ہی چکر میں ہملٹن کو پچھاڑ دیا۔

خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق فیراری کے فرنانڈو الونسو فیٹل سے 17 سیکنڈ پیچھے رہے۔ وہ دوسرے نمبر پر رہے جبکہ ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے۔

لیوس ہملٹن کے لیے رواں سیزن میں پول پوزیشن سے ریس کے آغاز کا یہ پانچواں موقع تھا جبکہ انہوں نے مسلسل چوتھی مرتبہ اس پوزیشن سے ریس کا آغاز کیا۔ وہ ڈیمن ہِل کے بعد مسلسل چوتھی مرتبہ پول پوزیشن حاصل کرنے والے پہلے برطانوی ڈرائیور بن گئے ہیں۔ ہِل نے 1995ء میں مسلسل چار مرتبہ پول پوزیشن نے ریس کا آغاز کیا تھا۔

ہملٹن نے ہفتے کے کوالیفائنگ مرحلے کے آخری لمحات میں یہ پوزیشن حاصل کی۔ اس مرحلے میں پہلے انہوں نے مارک ویبر کو پچھاڑا جبکہ بعدازاں سیباستیان فیٹل کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پول پوزیشن کے حصول میں کامیاب رہے۔ مجموعی طور پر مرسڈیز کی ٹیم رواں سیزن میں فارمولا وَن کی گزشتہ نو میں سے آٹھ پول پوزیشنیں حاصل کر چکی ہے۔

F1 Grand Prix Belgien
فیٹل کے کیریئر کی یہ 31ویں جیت ہےتصویر: Reuters/Laurent Dubrule

فیٹل جون میں کینیڈین گراں پری میں بھی کامیاب رہے تھے، جو کینیڈا میں ان کی پہلی فتح تھی۔ اتوار کی ریس کے برعکس کینیڈین گراں پری انہوں نے پول پوزیشن سے شروع کی تھی جس میں لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر رہے تھے۔ کینیڈین گراں پری کے بعد فیٹل نے کوئی بھی ریس پول پوزیشن سے شروع نہیں کی۔

رواں سیزن میں ورلڈ چیمپیئن سیباستیان فیٹل قبل ازیں ملائیشیا، بحرین، کینیڈا اور جرمنی کے ہوم گراؤنڈ پر کامیاب رہے۔ بیلجیئم میں جیت کے نتیجے میں ڈرائیوروں کی اسٹینڈنگ میں ان کی سرفہرست پوزیشن مزید مستحکم ہو گئی ہے۔ اس وقت وہ 197 پوائنٹس کے ساتھ اس پوزیشن پر ہیں جبکہ اسپین کے الونسو 151 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ لیوس ہملٹن تیسرے نمبر پر ہیں اور ان کے پوائنٹس 139 ہیں۔