1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندروں میں 100 ملین ٹن کوڑا کرکٹ

14 اپریل 2013

ایک اندازے کے مطابق ایک پلاسٹک بیگ اوسطاً پچیس منٹ تک استعمال ہوتا ہے تاہم اسے گل سڑ کر ختم ہو جانے میں پانچ سو سال تک کا بھی عرصہ لگ سکتا ہے۔ سمندروں میں کوڑے کرکٹ کے طور پر یہ بیگ ایک سنگین مسئلہ بنتے جا رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/18FcY
تصویر: MIKE CLARKE/AFP/Getty Images

سیاحوں کے لیے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے کہ ساحل کے ساتھ ساتھ سمندر میں غوطے لگاتے وقت اچانک کوئی چیز اُن کے پاؤں سے لپٹ جاتی ہے تاہم دیکھنے پر پتہ چلتا ہے کہ یہ چیز کوئی خوبصورت مچھلی نہیں ہوتی بلکہ سمندری لہروں کے تھپیڑوں سے تار تار ہو جانے والا کوئی پلاسٹک بیگ ہوتا ہے۔

ماہرین کے خیال میں دنیا بھر کے سمندروں میں موجود کوڑے کرکٹ کی مقدار ایک سو تا ایک سو پچاس ملین ٹن تک پہنچ چکی ہے اور اس مقدار میں مسلسل اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ اسی لیے اُنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مفت پلاسٹک بیگ فراہم کرنے کی سہولت ختم کی جانی چاہیے۔ ماہرین کہتے ہیں کہ ہر سال سمندروں میں تقریباً 6.5 ملین ٹن پلاسٹک کا اضافہ ہو رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے اندازوں کے مطابق سمندروں میں ہر مربع کلومیٹر کے علاقے میں تیرنے والے پلاسٹک کے ذرات کی تعداد تقریباً تیرہ ہزار ہے، جنہیں سمندری لہریں چِہار جانب پھیلا رہی ہیں۔

لہروں کے تھپیڑے کھا کھا کر پلاسٹک کی مصنوعات انتہائی باریک ذرات میں تبدیل ہو جاتی ہیں، بعد ازاں یہ ذرات صفائی کی چھلنیوں کی بھی گرفت میں نہیں آتے
لہروں کے تھپیڑے کھا کھا کر پلاسٹک کی مصنوعات انتہائی باریک ذرات میں تبدیل ہو جاتی ہیں، بعد ازاں یہ ذرات صفائی کی چھلنیوں کی بھی گرفت میں نہیں آتےتصویر: Fotolia/sablin

سمندروں کے تحفظ کے موضوع پر جرمن دارالحکومت برلن میں منعقدہ ایک حالیہ کانفرنس میں تقریباً 200 ماہرین نے اس موضوع پر تبادلہء خیال کیا کہ پلاسٹک کے کوڑے کرکٹ سے کیسے نمٹا جائے۔ گزشتہ جمعے کو ماحول اور قدرتی تحفظ کی جرمن تنظیم BUND نے ایک منشور جرمن وزیر ماحول پیٹر آلٹمائر کو پیش کیا، جس پر یورپ بھر کی ماحولیاتی تنظیموں نے دستخط کیے ہیں۔ اس منشور کا عنوان ہے، ’سمندر بغیر پلاسٹک کے‘ اور اس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ سن 2020ء تک یورپی سمندروں میں کوڑے کرکٹ کی مقدار میں پچاس فیصد تک کی کمی لائی جائے۔ مشکل یہ ہے کہ کئی ذرات اتنے باریک ہوتے ہیں کہ وہ صفائی کی چھلنیوں کی گرفت میں ہی نہیں آ سکتے۔

یہ کوڑا سمندر تک پہنچتا کیسے ہے، اس بارے میں تنظیم BUND سے وابستہ نادیہ سیبارتھ بتاتی ہیں:’’تقریباً 80 فیصد کوڑا خشکی سے سمندروں میں پہنچتا ہے۔ انگلینڈ اور ہالینڈ میں کھلے آسمان تلے کوڑے کے ڈپوؤں سے کوڑا اُڑ اُڑ کر دریاؤں میں پہنچتا ہے اور بالآخر سمندر میں جا گرتا ہے۔‘‘

اس کوڑے کے نقصانات بتاتے ہوئے وہ کہتی ہیں کہ جانور اس پلاسٹک میں پھنس کر زخمی ہو جاتے ہیں بلکہ موت کے منہ میں بھی چلے جاتے ہیں۔ اسی طرح کئی جانور پلاسٹک کے ذرات کو خوراک سمجھ کر کھا لیتے ہیں اور یہ ذرات مستقل طور پر اُن کے معدوں میں پھنس کر رہ جاتے ہیں۔ ایسے جانور بعد ازاں بھوک سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔ پلاسٹک ذرات کی صورت میں زہریلے مادے پہلے مچھلیوں تک پہنچتے ہیں اور جب انسان مچھلی کا گوشت کھاتا ہے تو یہ انسان کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔

کوڑے کرکٹ کے کھلے آسمان تلے بنے ڈپوؤں سے کوڑا اُڑ اُڑ کر پہلے دریاؤں اور پھر اُن کے راستے سمندر میں پہنچتا ہے
کوڑے کرکٹ کے کھلے آسمان تلے بنے ڈپوؤں سے کوڑا اُڑ اُڑ کر پہلے دریاؤں اور پھر اُن کے راستے سمندر میں پہنچتا ہےتصویر: picture-alliance/ZB

کئی ممالک میں پلاسٹک بیگز کی مہنگے داموں فراہمی یا اُن پر سرے سے پابندی عائد کرتے ہوئے اس مسئلے سے نمٹنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قدرتی ماحول کے تحفظ کی تنظیم NABU سے وابستہ کِم ڈَیٹلوف کہتے ہیں:’’ہمیں پلاسٹک کی مصنوعات کا استعمال کم سے کم کر دینا چاہیے۔ اس کا آغاز کسی پراڈکٹ کے ڈیزائن سے ہوتا ہے۔ ہمیں ایک نہیں بلکہ زیادہ مرتبہ استعمال ہونے والی مصنوعات بازار میں لانی چاہیں۔ ایسی مصنوعات متعارف کروانی چاہییں، جنہیں دوبارہ مرمت کر کے استعمال میں لایا جا سکتا ہو۔ اہم ترین بات یہ ہے کہ پیکنگ کے لیے کم سے کم مادے استعمال کیے جائیں۔‘‘

آئر لینڈ میں جب سے گاہکوں کو اپنے پلاسٹک بیگز خریدنا پڑ رہے ہیں، وہاں ان بیگز کے استعمال میں 90 فیصد کمی دیکھی گئی ہے۔ اب وہاں فی کس سالانہ اٹھارہ پلاسٹک بیگز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ جرمنی میں یہ تعداد 71، بلغاریہ میں 421 جبکہ یورپی یونین میں اوسطاً 198 ہے۔

کئی ترقی پذیر ممالک ان معاملات میں یورپ سے آگے ہیں۔ کینیا اور یوگنڈا میں پتلے پلاسٹک بیگز پر پابندی ہے۔ ذراموٹے پلاسٹک بیگر کی اجازت ہے لیکن وہ انتہائی مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔ مشرقی افریقی ملکوں روانڈا اور تنزانیہ میں بھی گزشتہ سات برسوں سے بازار میں پلاسٹک بیگز دستیاب ہی نہیں ہیں اور یہی صورتِ حال بنگلہ دیش اور بھوٹان میں بھی ہے۔

S.Höppner/aa/ai