1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سام سنگ نے گیلکسی ایس فائیو متعارف کرا دیا

افسر اعوان25 فروری 2014

اسمارٹ فون بنانے والی معروف ترین کمپنی سام سنگ نے اپنا نیا اسمارٹ فون گیلکسی ایس فائیو متعارف کرا دیا ہے۔ اس فون میں فنگر پرنٹ اسکینر کے علاوہ دل کی دھڑکنیں بتانے والا آلہ بھی موجود ہے۔

https://p.dw.com/p/1BEmx
تصویر: Getty Images

اسپین کے شہر بارسیلونا میں پیر 24 فروری کو دنیا کا سب سے بڑا موبائل میلہ ’موبائل ورلڈ کانفرنس‘ شروع ہوا ہے ، جو 27 فروری تک جاری رہے گا۔ اس نمائش کے پہلے ہی دن سام سنگ نے اپنے نئے اسمارٹ فون کے علاوہ کلائی پر باندھنے والے دو کمپیوٹرز بھی متعارف کرائے ہیں، جو خاص طور صحت کے بارے میں محتاط صارفین کی توجہ کا مرکز ہیں۔

سام سنگ دنیا میں سالانہ فروخت ہونے والے موبائل فونز کا قریب 30 فیصد تیار کرتا ہے۔ یہ تعداد اس کے قریب ترین حریف کمپنی ایپل کے آئی فونز سے قریب دو گُنا بنتی ہے۔

گلیکسی ایس فائیو کی اسکرین کا سائز 5.1 انچ ہے
گلیکسی ایس فائیو کی اسکرین کا سائز 5.1 انچ ہےتصویر: AFP/Getty Images

گیلکسی ایس فائیو کے پیچھے موجود سینسر پر اپنی انگلی رکھ کر آپ اپنے دل کی دھڑکن جان سکتے ہیں۔ سام سنگ کے اس نئے اسمارٹ فون کی ایک اور اہم بات یہ بھی ہے کہ اسے واٹر اور ڈسٹ پروف بنایا گیا ہے۔ اس کی اسکرین کا سائز 5.1 انچ ہے، جو ایس فور کے مقابلے میں تھوڑا سا بڑا ہے۔ 16 میگا پکسل کا کیمرہ بھی دراصل ایپل اور نوکیا اسمارٹ فونز کے کیمروں کا مقابلہ کرنے کی ایک کوشش ہے۔ گیلکسی ایس فور میں 13 میگا پِکسل کا کیمرہ موجود تھا۔

ایس فائیو کے ہوم بٹن میں فنگر پرنٹ اسکینر موجود ہے، جو نہ صرف آپ کی انگلی کو پہنچانتے ہوئے ان لاک ہوتا ہے بلکہ اس کے ذریعے آپ اپنی اہم ڈاکومنٹس کو بھی محفوظ کر سکتے ہیں۔

اس فون میں بیٹری سیونگ کے لیے ایک خصوصی موڈ بھی موجود ہے۔ اگر آپ سفر میں ہیں یا چارج کرنا آپ کے لیے مشکل ہے تو اس صورت میں ’ایکسٹریم بیٹری سیونگ موڈ‘ میں جا سکتے ہیں۔ ایسی صورت میں نہ صرف بیٹری پاور بچانے کے لیے اس کی اسکرین بلیک اینڈ وائٹ ہو جاتی ہے بلکہ اس کے زیادہ تر فیچرز بھی بند ہو جاتے ہیں اور صرف چھ اہم ترین ایپلی کیشنز دستیاب ہوتی ہیں۔

سام سنگ نے اپنی اسمارٹ واچ کا بہتر بنایا گیا ورژن ’گیئر ٹو‘ بھی متعارف کرایا ہے
سام سنگ نے اپنی اسمارٹ واچ کا بہتر بنایا گیا ورژن ’گیئر ٹو‘ بھی متعارف کرایا ہےتصویر: AFP/Getty Images

ایس فائیو کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سام سنگ کمپنی کے موبائل ڈویژن کے سربراہ جے کے شِن J.K. Shin کا کہنا تھا، ’’گیلکسی ایس فائیو کے ذریعے سام سنگ نے ایسے فیچرز متعارف کرانے کا سلسلہ جاری رکھا ہے جو ہمارے زیادہ تر صارفین کے لیے اہم ہیں۔‘‘

سام سنگ الیکٹرانکس کمپنی نے اتوار 23 فروری کو بتایا کہ وہ بہت جلد کلائی پر باندھنے والا ایسا کمپیوٹر ‘گیئر فِٹ‘ بھی متعارف کرائی گی، جو آپ کی صحت سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔ اتوار ہی کے روز جنوبی کوریا کی اس کمپنی نے اپنی اسمارٹ واچ کا بہتر بنایا گیا ورژن ’گیئر ٹو‘ بھی متعارف کرایا ہے۔ اس میں بھی اسپورٹس ٹریکنگ سافٹ ویئر کے علاوہ دل کی دھڑکن بتانے والا آلہ بھی موجود ہے۔