1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دنیا کی بہترین یونیورسٹیاں، امریکا سب سے آگے

امتیاز احمد15 اگست 2014

دنیا کی بیس بہترین یونیورسٹیوں میں امریکا سر فہرست ہے جبکہ یورپ کی صرف چار جامعات ٹاپ ٹوئنٹی کی فہرست میں جگہ بنا سکی ہیں اور ان میں سے بھی تین برطانیہ میں ہیں۔

https://p.dw.com/p/1CvOZ
تصویر: Fotolia/WavebreakmediaMicro

جمعہ 15 اگست کو جاری ہونے والی اس رینکنگ کے مطابق امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی پہلے نمبر پر ہے جبکہ اسٹینفورڈ کا نمبر دوسرا ہے۔ اکیڈمک رینکنگ آف ورلڈ یونیورسٹیز کے مطابق برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی پانچویں اور آکسفورڈ نویں اور یونیورسٹی کالج لندن بیسویں پوزیشن پر ہے۔ ان کے علاوہ براعظم یورپ میں زیورخ کا صرف سوئس فیڈرل انسٹی ٹیوٹ وہ واحد ادارہ ہے، جو انیسویں پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہا ہے۔

یہ تازہ ترین درجہ بندی شنگھائی کے ایک تحقیقاتی مرکز کی طرف سے کی گئی ہے۔ یہ ریسرچ سنٹر شنگھائی کی ’جیاؤ ٹونگ‘ یونیورسٹی کا حصہ ہے۔ اس ادارے کی طرف سے یونیورسٹیوں کی سالانہ درجہ بندی کا آغاز سن دو ہزار تین میں کیا گیا تھا۔ تب سے امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی اس درجہ بندی میں پہلے نمبر پر ہے۔

دنیا کی پانچ بہترین یونیورسٹیوں میں اسٹینفورڈ، برکلے میں یونیورسٹی آف کیلی فورنیا اور میساچوسیٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی بھی شامل ہیں۔ بہترین دس یونیورسٹیوں میں کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی، پرنسٹن، کولمبیا اور شکاگو یونیورسٹی بھی شامل ہیں۔ یونیورسٹیوں کے اس سروے میں ابتدائی طور پر بارہ سو سے زائد یونیورسٹیوں کو شامل کیا جاتا ہے۔ پھر چھ خصوصیات کی بنیاد پر پانچ سو بہترین یونیورسٹیوں کی فہرست ترتیب دی جاتی ہے۔

فہرست مرتب کرتے ہوئے یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ کسی یونیورسٹی کو کوئی نوبل انعام ملا ہے یا نہیں، سال میں کوئی ادارہ کتنے ایوارڈ حاصل کرنے میں کامیاب رہا، یونیورسٹی میں کام کرنے والے ریسرچرز کی تعداد کیا ہے اور انہوں نے کتنے ریسرچ پیپرز لکھے ہیں۔ ان عوامل کے علاوہ اس بات کا بھی خیال رکھا جاتا ہے کہ معروف سائنسی جریدوں ’نیچر‘ اور ’سائنس‘ میں کسی یونیورسٹی کے ماہرین کے لکھے ہوئے کتنے مضامین شائع ہوئے ہیں۔

ایشیا پیسیفک کے علاقے میں جاپان کی ٹوکیو یونیورسٹی اکیسویں نمبر پر آئی ہے جبکہ جاپان ہی کی کیوٹو یونیورسٹی کا نمبر چھبیسواں ہے۔ تاہم چند یورپی حکام نے کہا ہے کہ اس نئی درجہ بندی میں یورپی یونیورسٹیوں کے ساتھ جانبدارانہ برتاؤ کیا گیا ہے۔ شنگھائی کے ریسرچ سینٹر نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی کے پروفیسروں کے مطابق یہ سروے اور اس کے نتائج شفاف اور قابل اعتماد ہیں جبکہ طے کردہ معیار کے مطابق خود جیاؤ ٹونگ یونیورسٹی 122ویں نمبر پر آئی ہے۔ اس لسٹ میں چین کا سر فہرست ادارہ 119 ویں نمبر کے ساتھ بیجنگ یونیورسٹی ہے۔