1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خوبصورت چہرے بھولنا زیادہ آسان

افسر اعوان19 فروری 2014

صرف خوبصورت ہونا کسی کی یادداشت میں ثبت رہ جانے کے لیے کافی نہیں ہے۔ محققین کے مطابق اگر آپ کے چہرے کے خدوخال میں کوئی امتیازی بات نہیں ہے تو پھر عام چہروں کی نسبت خوبصورت چہروں کو بھول جانا زیادہ آسان ہے۔

https://p.dw.com/p/1BBSJ
Junge Menschen Kreis Gesichter
تصویر: Fotolia/Syda Productions

یہ بات ایک جرمن ماہر نفسیات نے مختلف تجربات سے ثابت کی ہے، جو عام لوگ تو کیا، سائنسدانوں کے لیے بھی ایک حیرت انگیز انکشاف ہے۔ اس تحقیق کے سربراہ اور نفسیات کے شعبے میں پوسٹ ڈاکٹریٹ کے ریسرچر ہولگر وِیزے Holger Wiese کے مطابق، ’’قبل ازیں یہ سمجھا جاتا تھا کہ عام طور پر ایسے چہروں کو یاد رکھنا آسان ہوتا ہے جنہیں پر کشش قرار دیا جا سکتا ہے اور اس کی سادہ سے وجہ یہ ہے کہ ہمیں ان کو زیادہ دیر دیکھ کر اچھا لگتا ہے۔‘‘

یادداشت سے متعلق ٹیسٹس کے دوران دماغ کے برقی افعال کو ریکارڈ کرنے کے عمل یا الیکٹرو اینسا فیلو گرامز Electroencephalograms سے معلوم ہوا کہ کسی پر کشش چہرے کو دیکھتے ہوئے کسی فرد میں جذباتی حوالے سے جو ہیجان پیدا ہوتا ہے وہ اس بات کو زیادہ مشکل بنا دیتا ہے کہ مذکورہ خوبصورت چہرہ آپ کی یادداشت میں پیوست ہو سکے۔

اس تحقیق کے دوران ماہرین نفسیات نے تجربے میں شریک افراد کو کئی سیکنڈز تک مختلف افراد کی تصاویر دکھائیں جن میں سے آدھے ایسے چہرے تھے جنہیں پرکشش قرار دیا گیا تھا جبکہ باقی آدھے ایسے جو پرکشش قرار نہیں پائے تھے۔

انجلینا جولی کا چہرہ اس لیے یادداشت پر نقش ہو جاتا ہے کیونکہ وہ نمایاں طور پر بڑی آنکھوں اور بھرے ہوئے ہونٹوں کی مالک ہیں، ویزے
انجلینا جولی کا چہرہ اس لیے یادداشت پر نقش ہو جاتا ہے کیونکہ وہ نمایاں طور پر بڑی آنکھوں اور بھرے ہوئے ہونٹوں کی مالک ہیں، ویزےتصویر: Getty Images/Oli Scarff

اس کے کچھ وقت کے بعد تجربے میں شریک انہی افراد کو دوبارہ مختلف چہروں کی تصاویر دکھائی گئیں اور ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ انہیں پہچانتے ہیں یا نہیں۔ ہاں کی صورت میں جو غلط جواب دیے گئے ان کی تعداد پرکشش چہروں کے بارے میں کہیں زیادہ ریکارڈ کی گئی۔

وہ چہرے جو پرکشش بھی ہوتے ہیں اور پھر یاد بھی رہ جاتے ہیں اس کی وجہ یہ ہوتی ہے کہ ان میں کوئی انوکھی خوبصورتی موجود ہوتی ہے۔ مثال کے طور پر ہولگر ویزے کے مطابق امریکی اداکارہ انجلینا جولی جنہیں دنیا بھر میں خوبصورت خاتون قرار دیا جاتا ہے ان کا چہرہ اس لیے یادداشت پر نقش ہو جاتا ہے کیونکہ وہ نمایاں طور پر بڑی آنکھوں اور بھرے ہوئے ہونٹوں کی مالک ہیں۔ ویزے کے مطابق، ’’ہم ایسے چہروں کو بہت اچھی طرح یاد رکھتے ہیں۔‘‘

جرمنی کی یونیورسٹی آف یینا University of Jena میں ہونے والی اس تحقیق کے نتائج سائنسی تحقیقی جریدے نیوروسائیکالوجیا Neuropsychologia میں شائع ہوئے ہیں۔