1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

حسینہء کائنات کا تاج وینزویلا کی حسینہ کے سر

عاطف توقیر10 نومبر 2013

وینزویلا کی 25 سالہ ٹی وی میزبان نے حسینہء کائنات کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ ان کے سر پر مس یونیورس کا تاج ہفتے کی رات ماسکو میں سجایا گیا۔

https://p.dw.com/p/1AEs8
تصویر: Getty Images/AFP/Alexander Nemenov

آنکھوں کو چندھیا دینے والی روشنی سے بھرپور ایک تقریب میں گابریئلا اِیسلر نے دیگر تمام حسیناؤں کو خوبصورتی میں مات دیتے ہوئے یہ اعزاز حاصل کیا۔ اس تقریب میں منصفین میں ’ایروسمتھ‘ کے امریکی راک اسٹار سٹیون ٹائلر 86 دیگر حسیناؤں کے مقابلے میں اِیسلر کو سب سے ہوشربا قرار دینے والوں میں شامل تھے۔ اس تقریب کو دنیا بھر میں کئی ملین افراد نے براہ راست دیکھا۔ گزشتہ برس برس کی حسینہء کائنات امریکی دوشیزہ اولیویا کلپو نے ہیروں کا تاج اِیسلر کے سر سجایا۔

اِیسلر وینزویلا سے تعلق رکھنے والی اب تک کی ساتویں حسینہء کائنات ہیں۔ خیال رہے کہ وینزویلا میں خوبصورتی کو ’قومی فخر‘ کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

اعزاز حاصل کرنے کے بعد مس یونیورس کے بینڈ کو کندھے سے لٹکائے اِیسلر نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، ’اس لمحے میں کئی محسوسات میں گھری ہوئی ہوں۔‘

Miss Venezuela Gabriela Isler wird Miss Universe 2013
مس یونیورس کے انتخاب کی یہ تقریب ماسکو میں منعقد ہوئیتصویر: Reuters

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اِیسلر اس تقریب کے روح رواں اور امریکی ارب پتی ڈونلڈ ٹرمپ کے ہمراہ تھیں۔ اِیسلر کا کہنا تھا، ’میں اب بھی ایک دھچکے کی سی کیفیت میں ہوں۔ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں اس لمحے یہاں ہوں۔‘

گزشتہ برس مس وینزویلا منتخب ہونے والی اِیسلر نے مزید کہا، ’میرے لیے یہ انتہائی مسرت اور تفریح کے علاوہ ایک بہت بڑی کامیابی بھی ہے۔‘

اس سے قبل مقابلے کے اختتام پر راک اسٹار ٹائلر سے ایک انتہائی مختصر مگر پرجوش انٹرویو میں جب ان سے پوچھا گیا کہ ان کا سب سے بڑا خوف کیا تھا، تو انہوں نے ہسپانوی زبان میں تفصیلات میں جانے کے بجائے صرف یہ کہا کہ خوف کوئی بھی ہو، ہمیں اس پر قابو پانا چاہیے اور اسی سے ہی ہم مضبوط ہو سکتے ہیں۔

اتوار کے روز اِیسلر اب ایک ملین ڈالر کی لاگت سے تیار کردہ تیراکی کا ایک لباس پہنیں گی، جب کہ اس سے قبل حسینہء کائنات کی گزشتہ روز ہونے والی تقریب میں گزشتہ برس کی مس یونیورس کلپو بھی ہیروں سے تیار کردہ ایک سوئمنگ سوٹ ہی میں اسٹیج پر نمودار ہوئیں تھیں۔