1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحفظ ماحول کے لیے عالمی کانفرنس اور احتجاجی مظاہرے

عاصم سليم21 ستمبر 2014

امريکا ميں آئندہ ہفتے تحفظ ماحول سے متعلق ايک خصوصی سمٹ منعقد ہو رہی ہے، جس ميں ايک سو سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کريں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس سربراہی اجلاس ميں کسی بڑی پيش رفت کے امکانات کم ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DGM3
تصویر: ap

امريکی شہر نيو يارک ميں منگل تيئس ستمبر کو ايک روزہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس منعقد ہو رہی ہے، جس ميں 120 سے زائد ممالک کے رہنما شرکت کريں گے۔ اس سربراہی اجلاس کے مقاصد ميں عالمی درجہ حرارت ميں کمی لانے کے ليے بین الاقوامی رہنماؤں کو بحث و مباحثے ميں شامل کرنا اور 2015ء کے اواخر تک نئے عالمی ماحولیاتی معاہدے کے ليے سياسی حمايت حاصل کرنا شامل ہے۔

اقوام متحدہ کے سيکرٹری جنرل بان کی مون کی دعوت پر بلائی جانے والی اس سمٹ ميں امريکی صدر باراک اوباما بھی شرکت کريں گے۔ اطلاعات ہيں کہ صدر اوباما اس موقع پر شرکاء کو گلوبل وارمنگ يا درجہ حرارت ميں اضافے کو روکنے کے ليے اپنی حکمت عملی سے آگاہ کريں گے۔

ليونارڈو ڈی کيپريو سطح سمندر ميں اضافے سے لاحق خطرات کے بارے ميں تقرير کريں گے
ليونارڈو ڈی کيپريو سطح سمندر ميں اضافے سے لاحق خطرات کے بارے ميں تقرير کريں گےتصویر: picture-alliance/dpa

دوسری جانب عالمی رہنماؤں کی جانب سے تحفظ ماحول کے لیے ناکافی اقدامات کے خلاف آج ماحول دوست افراد نے احتجاجی ريليوں کے انعقاد کا اعلان کر رکھا ہے۔ اکيس ستمبر کو مجموعی طور پر 159 مختلف ممالک ميں قريب 2,600 ريلياں نکالی جائيں گی۔ دنيا کے تمام بڑے شہروں لندن، پيرس اور ريو ڈی جينيرو ميں يہ ريلياں منعقد ہوں گی۔ ان احتجاجی مظاہروں کا مقصد تحفظ ماحول کے لیے سياستدانوں اور عالمی رہنماؤں پر دباؤ ڈالنا بتايا گيا ہے۔

امريکی شہر نيو يارک ميں آج ’پيپلز کلائمٹ مارچ‘ کے نام سے ايک ريلی نکالی جا رہی ہے، جسے گلوبل وارمنگ کے حوالے سے نکالی جان والی دنيا کی سب سے بڑی ريلی قرار ديا جا رہا ہے۔ نيو يارک کے سالانہ ’کلائميٹ ويک‘ کے تحت اس ريلی ميں فلمی دنيا کی ستاروں سميت اہم کاروباری شخصيات، ماحول دوست اداروں کے ارکان سميت عوامی نمائندے بھی شرکت کريں گے۔ اس موقع پر ہالی ووڈ کے اداکار ليونارڈو ڈی کيپريو سطح سمندر ميں اضافے سے لاحق خطرات کے بارے ميں تقرير کريں گے۔

آسٹريليا اور بھارت ميں عوام کا مارچ

تحفظ ماحول کے حوالے سے ہونے والی سمٹ سے قبل احتجاجی مہم کے تحت اتوار کی صبح ميلبورن سميت ديگر کئی آسٹريلوی شہروں ميں لوگوں نے مارچ کيا۔ مظاہروں کے منتظمين نے بتايا کہ کيرنز شہر، جہاں جی ٹوئنٹی ممالک کا اجلاس جاری ہے، ايسے ہی ايک مظاہرے کا مرکز بنے گا۔ اسی طرح کينبرا، سڈنی، پرتھ، ڈارون اور ديگر شہروں ميں بھی عوامی مظاہرے منعقد ہوں گے۔

دريں اثناء بھارتی دارالحکومت نئی دہلی ميں گزشتہ روز يعنی ہفتے کو سينکڑوں لوگوں نے اس سلسلے ميں مارچ کيا۔ يہ لوگ اپنے نعروں ميں بھارتی حکمرانوں اور عالمی ليڈروں سے مطالبہ کر رہے تھے کہ وہ آئندہ ہفتے ہونے والی سمٹ ميں تحفظ ماحول کے ليے ہنگامی بنيادوں پر اقدامات کريں۔