1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بینک فراڈ میں ملوث بھارتی ارب پتی تاجر برطانیہ فرار

11 جون 2018

ارب پتی بھارتی جوہری نیروَ مودی برطانیہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں جہاں وہ پناہ لینے کی کوششوں میں ہیں۔ ان پر بھارت کے دوسرے سب سے بڑے بینک کے ساتھ دھوکا دہی کا الزام ہے۔

https://p.dw.com/p/2zGXr
New York Nirav Modi Naomi Watts
تصویر: Getty Images/J. McCarthy

رپورٹس کے مطابق  فروری میں نیروَ مودی کے بینک فراڈ میں ملوث ہونے کے انکشاف کے بعد سے 47  سالہ  یہ جوہری مفرور ہیں۔  ان پر پنجاب نیشنل بینک کے ساتھ 2.8  بلین روپے یعنی 43.8 ملین ڈالر کی دھوکا دہی کرنے کا الزام ہے۔

دی فنانشل ٹائمز اخبار کے مطابق بھارتی اور برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ مودی نے برطانیہ میں ’ سیاسی دشمنی پر کارروائیوں کا نشانہ بنائے جانے‘  کی بنیاد پر پناہ کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔ تاہم اس بیان کی مزید تصدیق کے لیے بھارتی اور برطانوی حکام کی جانب سے مزید کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

تحقیقات کاروں نے اب تک 25 افراد کو بھی حراست میں لے رکھا ہے جن پر بینک کو دھوکا دینے کے لیے جعلی کاغذات کی تیاری کا الزام ہے۔

Indien Bankbetrug
تصویر: picture-alliance/AP Photo/A. Qadri

بھارتی ارب پتی کو  بینک فراڈ کے الزام کا سامنا

بھارتی سرکاری بینک کی جانب سے 1.8ارب ڈالر کے فراڈ کا انکشاف

مودی بھارت کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک ہیں۔ فوربز کی جانب سے ان کی دولت کا تخمینہ 1.73 بلین ڈالر لگایا گیا ہے جس کے بعد انہیں بھارت کا 85 واں امیر ترین شخص قرار دیا گیا۔  فائر اسٹار ڈائمنڈ برانڈ کے مالک مودی کے بھارت کے علاوہ دنیا کے بیشتر بڑے شہروں میں ڈائمنڈ جیولری اسٹورز موجود ہیں۔ 

دھوکا دہی کا یہ کیس  ایک ایسے وقت میں سامنے آیا  ہے جب بھارتی حکومت پنجاب نیشنل بینک سمیت دیگر قرض دہندہ اداروں کے واجب الادا قرضہ جات اتارنے کی کوششوں میں ہے۔ صرف یہ ہی نہیں بلکہ ایک اور بھارتی ارب پتی وجے مالیا پر بھی قرضوں کی عدم ادائیگی کا الزام ہے اور بھارت ان کوششوں میں ہے کہ 2017 سے برطانیہ میں مقیم وجے مالیا کو بھارت کے حوالے کیا جائے۔

ع ف /ع ب (اے ایف پی)