1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فٹ بال لیگ ، سیزن کے پہلے میچ میں کولکتہ کی کامیابی

عدنان اسحاق13 اکتوبر 2014

بھارت میں نئی فٹ بال لیگ کا افتتاح ہو گیا ہے۔ منتظمین کو امید ہے کہ ’انڈین سپر لیگ‘ ملک میں فٹ بال کے کھیل میں فروغ کا باعث بننے گی۔ ب

https://p.dw.com/p/1DUqe
تصویر: picture-alliance/AP Photo/Rafiq Maqboo

بھارتی فٹ بال لیگ کا پہلا میچ اٹلیٹیکو ڈی کولکتہ اور ممُبئی سٹی کے مابین کھیلا گیا ہے۔ انڈین سپر لیگ ’ آئی ایس ایل‘ کے اس میچ میں کولکتہ نے ممبئی کو تین صفر سے شکست دی۔ کولکتہ میں ہسپانوی ٹیم کے سابق کھلاڑی لوئس گارسیا اور فرانس کے نکولا انیلکا بھی شامل ہیں۔

آئی ایس ایل کی افتتاحی تقریب میں بالی وڈ موسیقی، رقص اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بینرجی اور دیگر سیاستدانوں کے علاوہ معروف بھارتی سرمایہ کار مکیش امبانی اور اداکار امیتابھ بچن بھی موجود تھے۔ منتظمین کے بقول یہ میچ دیکھنے کے لیے ستر ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔

شہر کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں کولکتہ کی جانب سے پہلا گول ایتھوپیئن ٹیم کے سابق کھلاڑی فِکرو لیمیسا نے پہلے ہاف میں کیا جبکہ بورخا فیرنینڈز نے دوسرا گول کیا۔ اس کے بعد اسپین سے تعلق رکھنے والے ارنال کاربو نے تیسرا گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

Sachin Tendulkar Nita Ambani Ranbir Kapoor Abhishek Bachchan Indien Cricket
تصویر: PUNIT PARANJPE/AFP/Getty Images

میچ کے بعد بورخا فیرنینڈز نے کہا کہ’’اسٹیڈیم کا ماحول شاندار تھا اور شائقین نے ہماری بہت حوصلہ افزائی کی‘‘۔ کولکتہ ٹیم کے حقوق ہسپانوی فٹ بل لیگ لا لیگا کے ساتھ بھارت کے مایہ ناز سابق کرکٹر سچن ٹینڈولکر اور بالی وڈ انڈسٹری کے کچھ اہم شخصیات کے پاس ہیں۔

کرکٹ ٹیم کے سابق بھارتی کپتان ساروَ گنگولی کے بقول فٹ بال لیگ کی شروعات انتہائی خوش آئند ہے اور کرکٹ کے دیوانے اس ملک میں اس کھیل کی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں فٹ بال کرکٹ کی جگہ تو نہیں لے سکتی لیکن یہ پسندیدگی کے اعتبار سے ملک کا دوسرا بڑا کھیل بن سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فٹ بال میں بھارتی شائقین کی دلچپسی میں اضافہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے کیونکہ کرکٹ کی شہرت اور پسندیدگی کی وجہ سے کسی دوسرے کھیل کے لیے جگہ بہت کم ہے۔

فٹ بال کے عالمی ادارے فیفا کے سربراہ سیپ بلاٹر نے2007ء میں بھارت کے ایک دورے کے دوران کہا تھا، ’’بھارت میں فٹ بال کے حوالے سے بے پناہ صلاحیت موجود ہے تاہم یہ ملک ابھی بیدار نہیں ہوا ہے‘‘۔ عالمی رینگنگ میں بھارتی ٹیم 158 نمبر پر ہے اور ماہرین اس کا ذمہ دار ملکی اسپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہیں۔ ان کے بقول حکام اس کھیل پر توجہ ہی نہیں دیتے تاہم وہ ملک میں فٹ بال کے مستقبل کے حوالے سے پر امید ہیں۔

اسٹار ٹی وی اس ٹورنامنٹ کے تمام میچز دکھا رہا ہے جب کہ ایک خصوصی اسپورٹس میگزین کے ذریعے بھی اس کی تشہیر کی جا رہی ہے۔ آئی ایس ایل کا قیام 2013ء میں ہوا تھا۔ یہ اس لیگ کا پہلا سیزن ہے، جو اسی برس دسمبر تک جاری رہے گا۔