1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی سیکرٹری خارجہ کا دورہ پاکستان، کیا برف پگھل سکتی ہے؟

عدنان اسحاق25 فروری 2015

بھارت کے حکومتی ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ سبرامنیئم جے شنکر تین مارچ کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔ گزشتہ برس ان دونوں ممالک کے حالات کشیدہ ہونے کے بعد سے کسی اعلٰی بھارتی سفارت کار کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہو گا۔

https://p.dw.com/p/1Eh4F

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے نئی دہلی حکام کے توسط سے بتایا ہے کہ بھارتی سیکرٹری خارجہ سبرامنیئم جے شنکر مارچ میں علاقائی ممالک کا دورہ کریں گے اور اس دوران وہ پاکستان بھی جائیں گے۔ وہ اسلام آباد میں اعلٰی حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ جے شنکر اپنے اس دورے میں بھوٹان، بنگلہ دیش اور افغانستان بھی جائیں گے۔ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کی جانے والی تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ کے اس دورے کے بارے میں اُسی وقت فیصلہ کر لیا گیا تھا، جب اس ماہ کے آغاز میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کرکٹ کے عالمی کپ کے آغاز کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب میاں نواز شریف کو فون کرتے ہوئے ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تھا۔

تاہم حکام نے کہا ہے کہ یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہے کہ آیا یہ دورہ اور نریندر مودی کی فون کال پاکستان اور بھارت کے مابین جمی برف کو پگھلانے میں کامیاب ہو بھی سکے گی یا نہیں اور کیا اس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان تعطّل کے شکار امن مذاکرات کی دوبارہ بحالی ممکن ہے۔

گزشتہ برس مودی انتظامیہ نے پاکستان پر مذاکرات شروع کرنے سے قبل کشمیری علیحدگی پسندوں لیڈروں سے رابطہ کرنے کے الزام عائد کرتے ہوئے اچانک امن بات چیت منقطع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

اس دوران پاکستان اور بھارت کی مشترکہ سرحد پر کئی مقامات پر دونوں ممالک کی افواج کے مابین فائرنگ کے واقعات بھی رونما ہو چکے ہیں۔ دونوں ممالک ان کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کرتے ہیں۔ انہی وجوہات کی بناء پر ان دو ایٹمی طاقتوں کے باہمی روابط ایک مرتبہ پھر سرد مہری کا شکار ہوئے۔ اس موقع پر امریکی انتظامیہ نے بھی دونوں ممالک کے امن بات چیت بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔